پشاور، زمونگ کور ماڈل انسٹیوٹ آف سٹیٹ چلڈرن میں بچوں میں عیدی اور راشن کی تقسیم

جمعہ 5 جون 2020 18:13

پشاور۔05جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) زمونگ کور ماڈل انسٹیوٹ آف سٹیٹ چلڈرن میں بچوں میں عیدی اور راشن تقسیم کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق اس عمل کے دوران کورونا کے خدشات کے سبب تمام احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانے کے ساتھ ملک کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے میڈیکل چیک اپ کا بھی انتظام کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں رقم کی تقسیم کی نگرانی ڈائریکٹر سعید احمد اور اکاؤنٹ آفیسر سہیل نذیر نے کی۔

اس عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مخصوص منصوبہ بندی کے تحت بچوں کے سربراہوں کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد بچوں کے لئے کپڑوں اور جوتوں کے علاوہ باقی ماندہ اخراجات کے لیے رقم دی گئی۔ اس موقع پر سپارک آف ہوپ کی طرف سے بچوں کے خاندانوں میں مہینے بھر کا راشن تقسیم کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کار خیر کے لئے جو خاندان اپنے لئے راشن اور رقم لینے کے لیے نہیں آ سکے ان کے گھروں تک پیکج پہنچانے کا انتظام بھی کیا گیا جس میں پشاور، چارسدہ، دیر اور سوات کے علاقہ جات شامل تھے۔

اس دوران انسٹیٹیوٹ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین احسان اللہ اور رکن کمیٹی شگفتہ گل نے بھی تمام تر مراحل کا دورہ کیا اور کام کو سراہا۔ اس موقع پر طلباء کے سربراہان نے حکومت، زمونگ کور انتظامیہ اور اور آرگنائزیشن سپارک آف ہوپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔