Live Updates

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں اراکین پنجاب اسمبلی اورتحریک انصاف کے عہدیداروں کی ملاقات

جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے خوشخبری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کی تقرری کی منظوری دیدی، عثمان بزدار ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی بہاولپور اور ملتان میں تعینات ہونگے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلد فنکشنل ہوجائیگا،ہماری حکومت کے اقدامات سے جنوبی پنجاب کے عوام کا احساس محرومی ختم ہورہا ہے،ماضی میں دلفریب نعروں سے بہلایا گیا،سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کیلئے صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلایا،سابق ادوارمیںپسماندہ علاقوں کے عوام کو نظر انداز کیا گیا، سردار عثمان بزدار

جمعہ 5 جون 2020 18:57

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں اراکین پنجاب اسمبلی ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں اراکین پنجاب اسمبلی اورتحریک انصاف کے عہدیداروں نے ملاقات کی ۔ملاقات میں کورونا وباء اورٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ جنوبی پنجاب میں فلاح عامہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے علیٰحدہ سیکرٹریٹ کے قیام کا وعدہ پورا کردیا ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کی تقرری کی منظوری دے دی ہے اوراس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیاہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کا تقرر جلد کردیا جائے گا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی بہاولپور اور ملتان میں تعینات ہوںگی- جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلد فنکشنل ہوجائے گا-انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کیلئے ہماری حکومت نے مثالی اقدام کئے ہیں-علیٰحدہ سیکرٹریٹ کے قیام سے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور کا سفر نہیں کرنا پڑے گا-علیحدہ سیکرٹریٹ کا قیام جنوبی پنجاب کے عوام کا حق ہے جو تحریک انصاف کی حکومت نے انہیں دیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے مختص فنڈز کسی اورمنصوبے یا شہرکو منتقل کرنے پر پہلے ہی پابندی عائد کردی ہے ۔ ہماری حکومت کے اقدامات سے جنوبی پنجاب کے عوام کا احساس محرومی ختم ہورہا ہے ۔جنوبی پنجاب کے عوام کو ماضی میں دلفریب نعروں سے بہلایا گیا۔انہوںنے کہا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کیلئے صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلایا۔سابق ادوارمیںپسماندہ علاقوں کے عوام کو نظر انداز کیا گیا۔

جنوبی پنجاب کے عوام نے سابق حکمرانوں کی زیادتیوں کا بدلہ عام انتخابات میںانہیں شکست دے کرلیا۔انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے عوام کی محرومیوں کوخوشحالی میں بدلیں گے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں سمیع اللہ چوہدری،سید افتخار گیلانی،احسان الحق چوہدری،اصغر جوئیہ،احمد عثمان چنڑ، سمیرا ملک اوردیگرشامل تھے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات