جہلم۔ اگر کوئی گاہک بغیر ماسک پہنے خریداری کرتا پکڑا گیا تو دوکاندار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی،سیکرٹری اوقاف پنجاب

جمعہ 5 جون 2020 19:09

جہلم۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر ارشاد احمدنے ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ کے ہمراہ مین بازار دینہ کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق چیکنگ کرتے ہوئے ریٹ بورڈز آویزاں نا کرنے پر مٹن / بیف کی دوکانوں کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کروائے ۔

اس کے ساتھ ساتھ ایک دوکاندار کی جانب سے ماسک نا پہننے پر اسکی دکان کو سیل کرنے کی ہدایات جاری کیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے متعدد دوکانداروں کو وارننگ بھی دی اور انہیں ایس او پیز بارے آگاہی فراہم کی۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر کوئی گاہک بغیر ماسک پہنے خریداری کرتا پکڑا گیا تو دوکاندار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے نو ماسک نو سروس پالیسی پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ کو بازاروں اور مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لئے آگاہی بینرز کے ساتھ ساتھ دورے کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ انیشا ہشام، سی ای ایم سی دینہ الفت شہزاد اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے سختی سے کہا ہے کہ ضلع میں کاروباری مراکز ایس او پیز کے مطابق ہی کام کر سکتے ہیں،خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جار ہی ہے ۔حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کے نتیجے میں روزانہ کی بنیاد پرایف آئی آرز درج کی جا رہی ہیںاور جرمانے کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے ایڈمنسٹریٹرز/ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور دیگر متعلقہ افسران کو کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔