سنٹرل کنٹریکٹ کیلئے خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی وفٹنس کو مدنظر رکھاگیا ہے ،چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ عروج ممتاز

جمعہ 5 جون 2020 20:21

سنٹرل کنٹریکٹ کیلئے خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی وفٹنس کو مدنظر رکھاگیا ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ عروج ممتاز نے سلیکشن کمیٹی کی جانب سے وہ سنٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سنٹرل کنٹریکٹ کے اعلان سے قبل سلیکشن کمیٹی نے ا یک طویل مشاورت کی، جہاں گذشتہ 12 ماہ کے دوران قومی خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کا پیمانہ اپنایا گیا۔

عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ رواں سال بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کے لیے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بسمہ معروف اور جویریہ خان کو سنٹرل کنٹریکٹ کی اے کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسمہ معروف نے رواں سال ایک روزہ کرکٹ میں 42.60 کی اوسط سے 213 اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 39.33کی اوسط سے 236 رنز بنائے۔ دونوں کرکٹرز اس سے قبل بی کٹیگری کا حصہ تھیں۔

(جاری ہے)

عروج ممتاز نے کہا کہ گذشتہ 12 ماہ میں پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کی قیادت کرنے والی فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ کو بھی عمدہ کارکردگی کی بدولت سنٹرل کنٹریکٹ میں ایک درجہ ترقی دے کر بی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ان کے علاوہ آلراؤنڈر عالیہ ریاض اور وکٹ کیپر سدرہ نواز بھی کٹیگری بی کا حصہ ہیں۔عروج ممتاز نے عمیمہ سہیل اور انعم امین کی سنٹرل کنٹریکٹ میں شمولیت پر خوشی کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ عمیمہ سہیل کی کارکردگی میں تسلسل اور انعم امین کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بہترین باؤلنگ نے انہیں کنٹریکٹ دلانے میں اہم کردارادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے کے سبب ندا ڈار کی کٹیگری میں تنزلی کی گئی ہیتاہم وہ ایک اہم رکن ہیں ، انہیں اعتماد ہے کہ وہ جلد بہترین کارکردگی پیش کرنیکی صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 6 ماہ بعد سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی خواتین کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

عروج ممتاز نے کہاکہ وہ سیزن 2020-21 کے لیے کپتان مقرر ہونے پر بسمہ معروف کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بسمہ معروف نے ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ان کی ڈریسنگ روم ، گراؤنڈ اور اسکواڈ کی قیادت سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ نئی تشکیل کردہ ایمرجنگ کٹیگری کے اعلان پر مسرور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کٹیگری میں شامل 9 خواتین کرکٹرز مستقبل کا اثاثہ ہیں اور انہیں امید ہے کہ اس اعلان سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔