مشیر تجارت عبد الرزاق دائود کی زیرصدارت پاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن انیشی ایٹو کا اجلاس

حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تاجر برادری کو کاروبار دوست ماحول کی فراہمی، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، عبد الرزاق دائود

جمعہ 5 جون 2020 20:21

مشیر تجارت عبد الرزاق دائود کی زیرصدارت پاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تاجر برادری کو کاروبار دوست ماحول کی فراہمی، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن انیشی ایٹو کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت، ایف بی آر حکام سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے پاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن انیشی ایٹو کے تحت لیے جانیوالے اقدامات پر آگاہ کیا۔ سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے اجلاس میں پاکستان بزنس پورٹل پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

مشیر تجارت نے کہا کہ حکومت مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، انہوں نے تاجر برادری کو اس منصوبے کے مطلوبہ اہداف کو پورا کرنے کے لئے بامعنی بات چیت کرنے اور اعتماد میں لینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے غیر ضروری رجسٹریشن، لائسنس اور این او سی کو ہٹانے پر خیبرپختونخوا حکومت کی تعریف کی اور کہا کہ دوسرے صوبوں کو بھی ان کے نقش قدم پر چلنا چاہئے۔ انہوں نے ایف بی آر کو کاروبار کیلئے آسانیاں پیداکرنے کی منصوبہ سازی اور بندرگاہوں پر کسٹم کلیئرنس کے معاملات کو حل کرنے کا مشورہ دیا۔