سعودی عرب میں کورونا سے متاثر ہونے والے پہلے ڈاکٹر کا انتقال

جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر سرجن نعیم چوہدری کا تعلق پاکستان سے تھا، مکہ مکرمہ میں خدمات سرانجام دے رہے تھے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 5 جون 2020 18:13

سعودی عرب میں کورونا سے متاثر ہونے والے پہلے ڈاکٹر کا انتقال
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 جون 2020ء) سعودی عرب میں کورونا متاثر پہلے ڈاکٹر کا انتقال، ملکت میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے پہلے ڈاکٹر سرجن نعیم چوہدری کا تعلق پاکستان سے تھا، سرجن نعیم چوہدری مکہ مکرمہ میں خدمات سرانجام دے رہے تھے جہاں وہ کورونا کا شکار ہوکر انتقال کرگئے۔ ڈاکٹر نعیم چوہدری کے سوگواران میں ایک بیوی اور تین بیٹیاں ہیں جو مکہ میں ہی مقیم ہیں۔

مکہ کے شعبہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وائل حمزہ نے کہا کہ ڈاکٹر نعیم چوہدری کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے اور مکہ شہر نے انتہائی باصلاحیت سرجن کو کھو دیاہے۔ انہوں نے ڈاکٹر نعیم چوہدری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں میں ڈاکٹر نعیم نے انتہائی اہم کردار ادا کیا، وہ فرائض کی انجام دہی کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے جب کہ وہ صرف ہائی بلڈ پریشر کے مریض تھے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ کورونا کے موذی مرض سینکڑوں سمندر پار پاکستانیوں کو موت کے منہ میں دھکیل چکا ہے۔ اس معاملے میں امارات میں مقیم پاکستانی سرفہرست ہیں جہاں کورونا کے باعث 32 پاکستانی جاں بحق ہوئے ہیں ، جبکہ سعودی عرب میں مقیم 20 پاکستانی کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ اس بات کا انکشاف پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے آج کی پریس بریفنگ کے دوران کیا ہے۔

خاتون ترجمان نے بتایا کہ کورونا کے باعث بیرون ممالک مقیم 339 پاکستانی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ سعودی عرب میں کورونا کی وجہ سے 20 ، متحدہ عرب امارات میں 32، قطر میں 2 جبکہ کویت میں 1 پاکستانی جاں بحق ہوا ہے عائشہ فاروقی نے بتایا کہ اب تک کورونا اور دیگر وجوہات کی بناء پر وفات پانے والے 424 پاکستانیوں کی میتیں واپس لائی گئی ہیں۔