جدہ میں ہفتے سے کرفیو سخت، باجماعت نماز پر پابندی عائد

پندرہ دن کے لیے روزانہ سہ پہر تین بجے سے صبح چھ بجے تک مکمل کرفیو نفاذ رہے گا، دکانیں اور شاپنگ مالز بھی بند

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 5 جون 2020 19:04

جدہ میں ہفتے سے کرفیو سخت، باجماعت نماز پر پابندی عائد
جدہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون 2020ء) جدہ میں ہفتے سے کرفیو سخت، باجماعت نماز پر پابندی عائد، تفصیلات کے مطابق سعودی وزارتِ داخلہ نے بتایا ہے کہ کورونا وبا کی روک تھام کیلئے جدہ میں لاک ڈاؤن سخت کردیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق ہفتے کے روز سے پندرہ دن کے لیے روزانہ سہ پہر تین بجے سے صبح چھ بجے تک مکمل کرفیو نفاذ رہے گا، دکانیں اور شاپنگ مالز بھی بند ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے کورونا کی وبا کے دوبارہ سنگین ہوجانے اور انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں کیسز بڑھ جانے کے بعد صحت حکام کی سفارش پر جدہ شہر میں حفاظتی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کہا گیا کہ  فیصلے پر عملدرآمد ہفتہ 6 جون  سے 20 جون تک کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل صبح چھ سے رات آٹھ بجے تک کرفیو میں نرمی کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ترجمان سعودی وزارت داخلہ نے کہا کہ پہلے ہی یہ بات واضح کردی گئی تھی کہ کرفیومیں نرمی کے فیصلے پر مسلسل نظر ثانی کی جاتی رہے گی اور ضرورت پڑی تو دوبارہ سخت حفاظتی اقامات بحال کردیے جائیں گے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وزارتوں، سرکاری اداروں اور نجی اداروں میں ڈیوٹی معطل رہے گی۔ ریستورانوں اور قہوہ خانوں میں سروس پر پابندی لگادی گئی ہے تاہم داخلی فضائی پروازیں، ٹرین سروس، زمینی ٹرانسپورٹ جاری رہے گی۔

کرفیو سے خارج کے اوقات میں جدہ شہر میں آمد ورفت پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ ایک جگہ پر پانچ سے زیادہ افراد جمع نہیں ہو سکتے ہیں۔ وزارت داخلہ نے بیان میں مزید کہا ہے کہ ریاض میں بھی کیسز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، اس پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے، اگر صورتاحل اسی طرح گمبھیررہی تو ریاض میں بھی سخت کرفیو کا فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں آج کورونا 2591 نئے مریض سامنے آگئے ہیں جس کے بعد مملکت میں کورونا مریضوں کی تعداد 95ہزار748 ہوگئی ہے۔ مزید 31مریضوں کے جاں بحق ہونے کے بعد اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 642 ہوچکی ہے۔ ملک میں اب تک 70ہزار616 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد ایکٹو کیسز کی تعداد 24ہزار490رہ گئی ہے۔