پشاور،طبی عملہ کوضروری سامان مہیاکرکے ہسپتالوں کی اوپی ڈیزکھولی جائیں،عتیق الرحمن

جمعہ 5 جون 2020 21:33

پشاور۔05جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) جماعت اسلامی پشاور کے امیر عتیق الرحمن نے کہاہے کہ حکومت ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف کو کورونا سے بچائو کے لیے ضروری سامان مہیا کرکے بڑے ہسپتالوں کی اوپی ڈیز کو کھول دیں۔ انہوں نے کہاکہ اوپی ڈیز اور ہسپتالوں کی مکمل بندش مسئلے کا حل نہیں ہے گزشتہ تین ماہ میں بند ہسپتالوں کی وجہ سے دیگر عام بیماریوں کے سینکڑوں مریض علاج معالجے کی سہولت نہ ہونے کے باعث موت کے حسنہ میں جاچکے ہیں۔

بہت سے مریض دیگر بیماریوں مثلاً دل ، گردے ، ٹائیفائڈ اور کئی ایک بیماریوں میں مبتال ہیں لیکن ہسپتالوں کی بندش سے علاج معالجے سے محروم ہیں اور مریضوں کے ساتھ ساتھ ان کے گھر کے دیگر افراد بھی مشکل کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں کے وفد سے موجودہ وبا کی صورتحال کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں آٹے بحران کے بعدا اہم ترین ایجنڈا موجودہ وبا میں صحت کی سہولیات پر عملی اقدامات کرنا ہونے چاہیے۔

لیکن صحت سہولیات کے حوالے سے صوبائی حکومت کابینہ اجلاس کے بعد کوئی خبر نہ دے سکی۔کورونا وبا کی موجودہ حالات میں صوبہ بھر میں ہزاروں افراد متاثر ہیں اور سینکڑوں وفات پاچکے ہیں۔ ہمارے صوبے کی اموات کی شرح باقی ملک کے نسبت سب سے اوپر ہے لیکن صوبائی حکومت کے اجلاس میں اس مسئلے پر بات نہ آنا انتظامی صلاحیت کی قلعی کھول رہی ہے۔ عوام تین ماہ سے بند ہسپتالوں کے باعث ذہنی ونفسیاتی مسائل کا شکار ہوچکے ہیں۔

کیونکہ گھر میں اگر ایک مریض ہو اور اس کا علاج کرنا ممکن نہ ہو تو گھر کے باقی افراد بھی ذہنی مسائل میں الجھ جاتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہسپتالوں کو کورونا وبا سے بچائو کے عالمی طریقہ کار کے مطابق تیاری کرکے عوام کے لیے کھول دیا جاتا تاکہ کورونا سے ہٹ کر دیگر بہت سے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت میسر آتی لیکن حکومت کورونا وبا کے ساتھ ہی ہسپتالوں کو بند کرکے خود چھٹیوں پر سیر وتفریح کے لیے چلی گئی ہے جوکہ انتہائی نااہلی کی علامت ہے ۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ صوبائی حکومت ہنگامی فنڈ استعمال کرکے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کو کورونا سے بچائو کا سامان مہیا کرے اور ہسپتالوں کی عمارات میں مکمل احتیاطی تدابیر کے لیے ضرورت کا سامان مہیا کرے اور ہفتے ایک دو دن کے بجائے مکمل طورپر ہسپتالوں کو کھول دے کیونکہ ایک دو دن میں ہفتہ بھر کے مریض آنے پر ہسپتالوں میں شدید رش کا امکان ہے جس سے وبا مزید پھیلے گی۔ اس لیے مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہسپتالوں کو مریضوں کے لیے صحت کی سہولیات دینے کے لیے کھول دیا جائے۔