لیگی قائدین "الٹا چور کوتوال کو ڈانٹی" کی روش پر چل رہے ہیں، فیاض الحسن چوہان

جمعہ 5 جون 2020 21:28

لیگی قائدین "الٹا چور کوتوال کو ڈانٹی" کی روش پر چل رہے ہیں، فیاض الحسن ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ترجمان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزیرِ اعظم عمران خان کیخلاف تنقیدی بیانات پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب، تحقیقاتی و احتسابی اداروں نے آلِ شریف کیخلاف کرپشن کے ڈھیروں ثبوت پیش کر دیئے ہیں لیکن "سوال گندم جواب چنا" کے مصداق (ن) لیگی ترجمانوں کو اپنی قیادت کے خلاف کرپشن الزامات کے جواب میں وزیرِ اعظم عمران خان میں نقص اور عیب نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ (ن) لیگی ترجمانوں کا نیب نیازی گٹھ جوڑ کا واویلا "کھوتا مریا کھاریاں تو سوگ وزیر آباد" کے مترادف ہے، لیگی قائدین اپنے گریبان میں جھانکنے کی بجائے "الٹا چور کوتوال کو ڈانٹی" کی روش پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنا، دھیلا، روپیہ اور پائی کا راگ الاپنے والے ابھی تک اپنی کرپشن، بددیانتی، اقربا پروری کیخلاف اور اپنی بے گناہی کے حق میں ایک بھی ثبوت نہیں لا سکے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کے ٹھوس شواہد کے سامنے لیگی ترجمانی کے زبانی جمع خرچ کی کوئی وقعت نہیں۔ آلِ شریف کی کرپشن کا احوال پاکستان کے بچوں سے لے کر بوڑھوں تک ہر ایک کو پتہ ہے۔