پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک نے کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے ہنگامی معاونت کے تحت 300 ملین ڈالرقرضہ کے معاہدہ اور5 ملین ڈالر کی گرانٹ پر دستخط کردئیے

وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور نوراحمد اورپاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹرژیاو ہانگ ینگ نے معاہدے پردستخط کئے

جمعہ 5 جون 2020 21:33

پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک نے کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک نے کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے ہنگامی معاونت کے تحت 300 ملین ڈالرکے قرضہ کے معاہدہ اور5 ملین ڈالر کی گرانٹ پر دستخط کردئیے۔ وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور نوراحمد اورپاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹرژیاو ہانگ ینگ نے معاہدے پردستخط کئے ۔

وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیار اورپارلیمانی سیکرٹری محمد یعقوب شیخ بھی اس موقع پرموجود تھے۔قرضہ کے معاہدے کے تحت پاکستان میں ہنگامی تیاریوں و رسپانس سسٹم کومضبوط بنایا جائیگا،معاہدے کے تحت نیشل ڈیزاسٹررسک مینجمنٹ فنڈ طبی سپلائز، ذاتی حفاظتی آلات ( پی پی ایز) اورہنگامی حالات میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی خریداری کیلئے قرضہ کی رقم مختلف ایجنسیوں کوفراہم کرے گی، اسی طرح صحت عامہ کی سہولیات بشمول بنیادی ڈھانچہ، پانی، سینیٹیشن وہائی جین اورفضلہ کوٹھکانے لگانے کا نظام بھی بہتربنایا جائیگا۔

(جاری ہے)

معاہدے کے مطابق سماجی تحفظ کے عنصرکے طورپر 200 ملین ڈاکر کی رقم معاشرے کے غریب اورکمزورطبقات کیلئے مختص کی گئی ہے، یہ فنڈز بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام احساس کیش پروگرام کے تحت تقسیم کرے گی، بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام 33لاکھ خواتین کو یکمشت اورایک بار مزید 4 ہزار روپے فراہم کرے گی، اسی طرح مالی سال 2020-21ء کے پہلے چارماہ میں 25 لاکھ خواتین کو دوہزارروپے ماہانہ کے حساب سے نقد امداد دی جائیگی۔

وفاقی وزیرمخدوم خسروبختیارنے بروقت مالی معاونت پر ایشیائی ترقیاتی بنک کی تعریف کی ، انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں جتنا ممکن ہوسکے گی اپنے عوام کی حفاظت کو یقینی بنائیگی۔اس موقع پر سیکرٹری بی آئی ایس پی یوسف خان اور این ڈی آرایم ایف کے سی ای او لیفٹننٹ جنرل ریٹایرڈ ندیم احمد اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ہیڈ نے پراجیکٹ ایگری منٹ پر دستخط کئے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ہیڈ نے کہاکہ بینک کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔