حکومت پٹرول کی قیمتوں کی کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائے،مشتاق احمد

پٹرول پمپ مالکان نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد مصنوعی قلت پیدا کردی ہے، 150روپے میں ایک لٹر پٹرول نہیں مل رہا۔سینیٹر مشتاق احمد خان

جمعہ 5 جون 2020 21:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت پٹرول کی قیمتوں کی کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائے۔ پٹرول پمپ مالکان نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد مصنوعی قلت پیدا کردی ہے، 150روپے میں ایک لٹر پٹرول نہیں مل رہا۔ حکومت اپنی رٹ قائم کرنے اور عوام کو پٹرول کی بلا تعطل فراہمی کے لئے سخت اقدامات اٹھائے۔

آٹا کی قیمتوں میں اضافہ اور پنجاب سے آٹے کی بندش افسوسناک ہے۔ حکومت آٹے کی قیمت میں کمی کرے، پنجاب سے خیبر پختونخوا کے لئے گندم کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے وفاقی حکومت مداخلت کرے۔ صوبائی اور مرکزی حکومتیں ایک ہی پارٹی کی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی خیبرپختونخوا کی عوام آٹے سے محروم ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے معیشت کا کباڑہ اور عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں۔ صوبائی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام شدید تکلیف میں ہیں اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی تکالیف روز بروز بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر نااہلوں اور نالائقوں کا ٹولہ مسلط ہے۔

جنہوں نے ملک کے اندر بھی اور اوورسیز پاکستانیوں کو بھی شدید پریشانی سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے حکومت میں نے سے قبل عوام سے بے شمار وعدے کئے، لیکن اول روز سے ہی یوٹرن کی پالیسی اپنائی۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں مزید اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو آئی سی یو میں لانے کا کریڈٹ بھی پی ٹی آئی کو جاتا ہے جس نے کم ترین وقت میں ملکی تاریخ کے بڑے قرضے لئے اور معیشت کا بیڑا غرق کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں۔ ان کی نظریں اب جماعت اسلامی پر ہیں، جماعت اسلامی ہی پاکستان اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔