خواتین کو ہراساں کرنے پر یونیورسٹی سے فارغ ہونے والے حکومتی ترجمان پھر آئین اورقانون پر لیکچر دے رہے تھے ، طلال چوہدری

قوم کا آٹا چینی چوری کرکے تو مفرور آپ ہیں،بلین ٹری سونامی میں کرپشن کا سونامی برپا کرکے مفرور توآپ ہیں ،ہیلی کاپٹر کیس میں میں مفرور توآپ ہیں، بیان

جمعہ 5 جون 2020 21:48

خواتین کو ہراساں کرنے پر یونیورسٹی سے فارغ ہونے والے حکومتی ترجمان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے معاون خصوصی وزیراعظم ڈاکٹر شہبازگل کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عدالتوں میں جھوٹی گواہیاں دینے اور خواتین کو ہراساں کرنے پر یونیورسٹی سے فارغ ہونے والے حکومتی ترجمان آج پھر آئین اورقانون پر لیکچر دے رہے تھے ،قوم کا آٹا چینی چوری کرکے تو مفرور آپ ہیں،بلین ٹری سونامی میں کرپشن کا سونامی برپا کرکے مفرور توآپ ہیں ،ہیلی کاپٹر کیس میں میں مفرور توآپ ہیں ۔

ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ 120ارب کے پشاور بی آرٹی کے کھڈے کھود کرمفرور توآپ ہیں ،شہبازشریف کے دائر کردہ ہتک عزت کے کیس میں عمران نیازی مفرور ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عمران نیازی تین سال سے جھوٹے الزامات پر کوئی جواب نہیں دے رہا ،الزام لگانے کے بعد عدالت میں جب ثبوت مانگے جاتے ہیں تو نیب نیازی گٹھ جوڑ دوڑ جاتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ شہبازشریف اتنے بڑے ملزم تھے تو نیب اوراس کا وکیل سپریم کورٹ سے کیوں دوڑ گیا ۔

انہوںنے کہاکہ نیب کے پاس اتنے ہی ثبوت تھے تو اس کے وکیل نعیم بخاری نے سپریم کورٹ میں کیس کا دفاع کیوں نہیں کیا ۔انہوںنے کہاکہ جھوٹے ترجمانوں ! جھوٹی کہانیاں بناوں گے تو ان کے پاوں نہیں ہوتی ان کا دفاع نہیں ہوسکتا۔ انہوںنے کہاکہ شہبازشریف اور ان کا خاندان تین سال سے اپنی تین نسلوں کا حساب دے رہا ہے ،شہبازشریف نے نیب کی کال کوٹھڑی، سوالناموں اور عدالتوں میں جواب دیا ہے،شہبازشریف جانے جاتے ہیں، اپنی محنت، ایمانداری اور عوام کی خدمت سے ۔

انہوںنے کہاکہ شہبازشریف جانے جاتے ہیں، عوام کو مفت دوائی، علاج، تعلیم اور صحت کے منصوبوں سے ،شہبازشریف پہچانے جاتے ہیں سڑکوں کی تعمیر، گٴْڈگورننس اور ڈینگی پر کنٹرول کرنے سے ۔ انہوںنے کہاکہ نوازشریف اور شہبازشریف کو عوام سی پیک، گوادر بندرگاہ، بجلی گھروں اورپاکستان کی ترقی کی علامت سمجھتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عوام نوازشریف اور شہبازشریف کو آج یاد کرتے ہیں، ان کے لئے دعائیں کررہے ہیں ،عوام عمران خان اوراس بدقسمت دن کو بھی یاد کرتے ہیں جس دن یہ حکمران بنے ،۔

عوام عمران خان کو مہنگائی، بیروزگاری، معیشت کی تباہی، دوائی اور چینی چوری سے یاد کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو آج شکایات سیل کی نہیں، روٹی اور روزگار کی ضرورت ہے ،عمران خان نے عوام سے روٹی روزگار چھین لیا اور شکایات سیل دے دیا ،عمران خان اور جھوٹے ترجمان گلی محلے میں جائیں جہاں لوگ آپ کوڈھونڈ رہے ہیں ،آپ نے غریب آدمی کو موت کے منہ میں دھکیل دیا ہے۔