Live Updates

آزادکشمیر کابینہ کے اجلاس میں دو وزراء کی آپس میں ہاتھا پائی کا ہونا ہمارے سیاسی نظام کے لیے ایک خطرہ اور جگ ہنسائی کا سبب ہے،خواجہ فاروق احمد

جمعہ 5 جون 2020 21:50

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) تحریک انصاف پاکستان کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کی موجودگی میں دو اہم ترین وزراء کی آپس میں تیز وتند جملوں کے تبادلے ،ہاتھا پائی کا ہونا ہمارے سیاسی نظام کے لیے ایک خطرہ اور جگ ہنسائی کا سبب بن گیا ہے،وزراء کا اپنے ٹیم لیڈر اور بیوروکریسی کے بعض ذمہ داران کی موجودگی میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم پر گتھم گتھا ہونا اور ایک دوسرے کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کرنا آخر کس کلچر کی نمائندگی کرتا ہے۔

خواجہ فاروق احمد نے وزیراعظم راجہ فاروق احمد خان سے مطالبہ کیا ہے کہ اب جبکہ صورتحال یہ پیدا ہوچکی ہے تو پھر اسمبلی تحلیل کیا جانا ہی بہتر مناسب رہے گا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی حکومت جس طریقے سے برسراقتدار لائی گئی تھی اس کا راز اب چوراہے میں کھل کر سامنے آچکا ہے ۔یہ کرپشن دھاندلی کی ہنڈیا ٹوٹ چکی ہے جس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ کورونا کے انتظامات پر 47کروڑ روپیہ کے اخراجات ہونا ظاہر کیے گئے۔

عوام پوچھتے ہیں کہ یہ 47کروڑ روپے کہاں خرچ ہوئے،کورونا کے مریضوں کو تو کھانا بھی نہیں دیا جاتا،مریضوں کی تعداد آئے روز بڑھتی جارہی ہے،انٹری پوائنٹس پر رشوت کی منڈی لگی ہوئی ہے،پیسے لے کر انٹریاں کرائی جارہی ہیں۔وزیر آپس میں گتھم گتھا ہورہے ہیں تو اب اس اسمبلی کو توڑ کر نئے انتخابات کرادینے چاہئیں کہ عوام کو نیا مینڈیٹ دینے کا اختیار مل سکے اب یہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے فنڈز کی تقسیم پر ایک دوسرے کا سر پھوڑ رہی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات