قومی اسمبلی : منیر اورکزئی ،طیارہ حادثے اور کورونا سے مرنے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی

منیرخان ایک صلح جو شخصیت کے مالک تھے، اللہ تعالی ہمیں انکی تقلید کرنے کی توفیق ذے ایوان کی کارروائی پرانی روایات کے مطابق چلائی جائے تو بدمزگی پیدا نہیں ہوگی، مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال ٌڈاکٹر بابراعوان اور غلام سرور کا کا مرحوم منیر اورکزئی کی ملکی وسیاسی خدمات کو خراج تحسین منیر اورکزئی بہت اچھی یادیں چھوڑ کر گئے ہیں جو کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں،قومی اسمبلی میں اظہار خیال /میں خود کورونا کی تکلیف سے گزرا ہوں،اگر ارکان نے سنجیدگی نہ دکھائی تو میں اجلاس ملتوی کردونگا،اسد قیصر کا اراکین کے درمیان سماجی فاصلہ نہ ہونے پر برہم sسپیکر قومی اسمبلی نے سوموار چار بجے تک اجلاس ملتوی کر دیا

جمعہ 5 جون 2020 23:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2020ء) قومی اسمبلی میں رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی، پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد، سابق ارکان قومی اسمبلی سمیت ملک بھر میں مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر اسپیکر نے کہا کہ پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی، سابق اراکین قومی اسمبلی اور مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرائی جائے۔

اسپیکر کے کہنے پر مولانا عبدالاکبر چترالی نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کروائی۔ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف نے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک صلح جو شخصیت کے مالک تھے، اللہ تعالی ہمیں ان کی تقلید کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

ایوان کی کارروائی پرانی روایات کے مطابق چلائی جائے تو بدمزگی پیدا نہیں ہوگی۔جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں منیر خان اورکزئی کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ منیر خان اورکزئی منجھے ہوئے پارلیمنٹیرین تھے، میرا ان کے ساتھ ذاتی اور قریبی تعلق تھا، فاٹا کے انضمام کے حوالے سے انہوں نے بڑا متحرک کردار ادا کیا، وہ ایک صلح جو شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے سابق فاٹا کے عوام کے حقوق کے لئے طویل عرصہ جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی طرف سے اور پوری پارلیمنٹ کی طرف سے منیر خان اورکزئی کے ایصال ثواب کے لئے دعا گو ہوں۔ اللہ تعالی انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور جس اچھے اخلاق کی بنیاد انہوں نے رکھی، اللہ تعالی ہم سب کو اس کی تقلید کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے آپ کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پانچ ایشوز اٹھائے ہیں جن میں طیارہ حادثہ، کورونا وائرس کی صورتحال، چینی آٹا اسکینڈل اور دیگر کے حوالے سے ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ تحاریک کے متحرک چھ ارکان کو بحث کرنے کی اجازت دی جائے اور حکومت کی طرف سے صرف بحث سمیٹی جائے۔ یہی ایوان کی ماضی میں روایت رہی ہے۔ اگر ایک اپوزیشن اور دوسرا حکومت کی طرف سے بولے گا تو اس سے ماحول خراب ہوگا۔ ان امور پر محرکین کو بولنے کی اجازت دی جائے، اگر حکومت اپنے دیگر ارکان کو بھی بات کرنے کا موقع دینا چاہتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے تاہم حکومت کی طرف سے صرف بحث سمیٹی جائے۔

اس سے ایوان کا ماحول بہتر ہوگا۔ ایوان کی پرانی روایات کے مطابق ہی کارروائی کو چلایا جائے۔ وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر بابراعوان نے منیر اورکرزئی کی ملکی و سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ منیر اورکزئی بہت اچھی یادیں چھوڑ کر گئے ہیں جو کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا منیر اورکزئی بہت اچھی یادیں چھوڑ کر گئے ہیں جو کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔

مرحوم کا اپنے ملک سے والہانہ عقیدت کے حامل تھے اور وہ اس مہلک بیماری کے باعث اس جہان فانی سے رخصت ہوئے اور ایوان نے جس عقیدت سے منیر اورکزئی کو خراج تحسین پیش کیا وہ قابل ستائش ہے ۔سوات آپریشن سے کچھ پہلے جب پچاس کلومیٹر دور رہ جانے کی بات ہورہی تھی اس پارلیمنٹ نے اجتماعی دانش کا مظاہرہ کیا ،جب فاٹا میں آپریشن کی ان کیمرہ بریفنگ ہوئی تو قوم متحد ہوئی ،منیر اورکزئی نے فاٹا آپریشن کے حق میں ووٹ دیا ،چینی کمیشن سمیت ہر ایشو پر بات کرنے کو تیار ہیں ،یہ چینی کمیشن رپورٹ وزیر اعظم پاکستان ہی کی وجہ سے قوم کے سامنے آئی ،جتنے ایشوز پر اپوزیشن بات کرنا چاہتی ہے ہم تیار ہیں ،پانچ ایشوز پر پانچ وزارتیں تو جواب دیں گے ،پیر کو بات کرلیں گے کیسے تقاریر چلیں گی۔

وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ مرحوم منیر اورکزئی انتہائی شفیق رحمدل اور پیارے انسان تھے وہ خود بیمار تھے مگر گزشتہ سیشن میں حوصلہ مجھے دیا عید کے دن سب سے پہلے مجھے میسج بھی ان کا آیا۔علاوہ ازیں جتنے ہمارے دوست ایم پی ایز چلے گئے اللہ پاک انکی بھی شفاعت فرمائے ادھر طیارہ حادثہ میں جن کی شہادت ہوئی اللہ پاک انکے درجات بلند فرمائے۔

اجلاس میں سپیکر اسد قیصر اس وقت برہم ہو گئے جب راجہ پرویز اشرف نے اراکین کے درمیان سماجی فاصلے نہ ہونے پر ان کی توجہ دلائی ۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج پہلا اجلاس ہے، نرمی سے بات کررہا ہوں، پوری قوم آپ کو دیکھ رہی ہے،جس نے بات کرنا ہے وہ باہر چلا جائے۔اگر ارکان نے سنجیدگی نہ دکھائی تو میں اجلاس ملتوی کردونگا،میں خود اس تکلیف سے گزرا ہوں، مجھے پتہ ہے یہ کتنا مشکل ہے،میں اور میرا خاندان جس مشکل سے گزرا ہے میں ہی جانتا ہوں،تمام ارکان اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے جن ایشوز بارے خط لکھا گیا ہے اس کی اپنی جماعت کی جانب سے تائید کرتا ہوں ،یہ غیر معمولی حالات میں اجلاس بلایا گیا ہے مگر ایسی صورت حال میں اجلاس کیسے چل سکتا ہے ۔رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالکبیر چترالی نے کہا ہے کہ منیر اورکزئی ایک سینئر سیاستدان کے ساتھ بہترین انسان تھے ۔

اسمبلی میں اپنے تعزیتی خطاب میں مولانا عبدالکبیر چترالی نے کہا کہ سیاست اور علاقے میں منیر خان اورکزئی نے بہترین کاموں کے ذریعے نیک نام کمایا۔مولانا محمود نے کہا کہ منیر اوکزئی ایک شفیق انسان تھے، سب سے محبت کرنے والے تھے،منیر اورکزئی کی وفات سے جے یو آئی ف کا بہت نقصان ہوا ہے،ہم منیر اورکزئی کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں،کراچی طیارہ حادثہ کے غمزدہ خاندانوں کے لیے بھی صبر کی دعا کرتے ہیں،کورونا کے خاتمہ کے لیے اللہ کی طرف رجوع کرنا ہوگا۔سپیکر قومی اسمبلی نے سوموار چار بجے تک اجلاس ملتوی کر دیا۔ ۔