ِضلعی انتظامیہ کا پشاور بھر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کریک ڈائون جاری،

311 گرفتار جی ٹی روڈ پر نیازی ایکسپریس ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سیل،پشاور بھر میں 62 فلنگ سٹیشنوں کا معائنہ 22 فلنگ سٹیشن کے منیجرز ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گرفتار،موٹر وے ٹول پلازہ پر74 گاڑی مالکان کو جرمانہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کاروائیاں جاری رہیں گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر

جمعہ 5 جون 2020 23:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2020ء) ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان نے اسسٹنٹ کمشنر نعمان علی شاہ کے ہمراہ موٹر وے ٹول پلازہ اور جی ٹی روڈ پر مختلف گاڑیوں اور اڈہ سروس کا معائنہ کیا۔ موٹر وے پر 74گاڑیوں کے مالکان کو سیفٹی ماسک نہ پہننے پر موقع پر جرمانہ کیا گیا اور جی ٹی روڈ پر نیازی ایکسپریس کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی و سیفٹی ماسک ، تھرمل گن اور سینیٹائزر استعمال نہ کرنے پر سیل کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمان نے یونیورسٹی روڈ پر مختلف فلنگ سٹیشنوں اور بازاروں کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر اصلاح الدین نے چمکنی اور پھندو کے علاقوں میں مختلف فلنگ سٹیشنوں اور بازاروں کا معائنہ کیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق نے ورسک روڈ پر مختلف فلنگ سٹیشنوں اور بازاروں کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر رضوانہ ڈار نے پشتخرہ اور کوہاٹ روڈ پر مختلف فلنگ سٹیشنوں اور بازاروں کا معائنہ کیا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے علاقوں میں فلنگ سٹیشنوں اور بازاروں کا معائنہ کیا۔ کاروائیوں کے دوران پشاور بھر میں 62 فلنگ سٹیشنوں کا معائنہ کیا گیا جس میں سے 22 فلنگ سٹیشنوں کے منیجرز کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا۔ پشاور بھر سے مجموعی طور پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 311 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغرنے عوام کو ہدایت کی ہے کہ گھروں سے باہر نکلتے وقت سیٖفٹی ماسک کا استعمال ضرور کریںاور حکومتی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کریں بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی