الیکشن کمیشن کے ووٹر لسٹوں میں مرد و خواتین کے مابین 1کروڑ 20لاکھ سے زائد فرق کو ختم کرنے کیلئے اقدامات شروع

نادرا سے شناختی کارڈز کے بغیر 18 سال سے زائد تمام مرد اور خواتین کا ڈیٹاطلب

جمعہ 5 جون 2020 23:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2020ء) الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹوں میں مرد اور خواتین کے مابین 1کروڑ 20لاکھ سے زائد فرق کو ختم کرنے کیلئے اقدامات شروع کردئیے ہیں ،نادرا سے 18سال سے زائد عمر کے تمام مرد اور خواتین کا ڈیٹاطلب کر لیا ہے جن کے ابھی تک شناختی کارڈز نہیں بنے ہیں ۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی ہدایات کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے تمام ایسے مرد اور خواتین کے اعداد وشمار اور تفصیلات طلب کرلی ہیں جو اٹھارہ سال یا اس سے زائد عمر کے ہیں اور ان کا ریکارڈ ب فارم کے علاوہ خاندان کے ریکارڈ یا سمارٹ کارڈ کے ریکارڈ میں موجود ہے مگر انہیں ابھی تک شناختی کارڈ کا اجرا نہیں ہوا. اس سلسلہ الیکشن کمیشن کی جانب سے چیرمین نادرا کے نام ایک مراسلہ بھجوایا گیا جس میں اہیں ایسے تمام مرد و خواتین کے کوائف کو جلد از جلدفراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں.واضح رہے چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی فہرستوں میں درج مرد اور خواتین رائے دہندگان کے درمیان موجود بڑے فرق کو ختم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ہنگامی بنیادوں پر جامعہ حکمت عملی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اعجاز خان