چینی سکینڈل کے اہم کردار جہانگیرترین اچانک لندن چلے گئے

پی ٹی آئی رہنما نے روانگی سے قبل جڑواں شہروں میں اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں ق*قیاس آرائیاں کرنیوالے فکر نہ کریں جلد وطن واپس آ جائوں گا ،جہانگیرترین کابیان

جمعہ 5 جون 2020 23:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2020ء) چینی سکینڈل کے ایک اہم کردار اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین جمعہ کو اچانک لندن چلے گئے ہیں اور لندن روانگی سے قبل انہوں نے جڑواں شہروں میں اہم ملاقاتیں بھی کی ہیں اور ساتھ ہی واضح بھی کردیا ہے کہ وہ وطن واپس جلد آئین گے۔ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین رات گئے لاہور سے اسلام آباد پہنچے اور لندن روانگی سے قبل انہوں نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں بعض اہم ملاقاتیں بھی کی ہیں اور یقین دلایا کہ وہ معمول کے چیک اپ کیلیے لندن جارہے ہیں جس کا ٹائم انہوں نے ڈاکٹروں سے پہلیہی لیا ہوا ہے اور وہ چیک اپ کے بعد واپس آجائیں گے زرایع نے مزید بتایا کہ حکومت کے بعض حلقے ان کے بیرون ملک جانے کے حق میں نہیں تھے مگر ترین چونکہ ٹکٹ بھی بک کروا چکے تھے اس لیے ان ملاقاتوں کے بعد جانے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

یہ بھی پتہ چلا ہے کہ چینی سکینڈل کی فرانزک آڈٹ رپورٹ سامنے آنے کے بعد زمہ داروں کے خلاف ابھی نیب یا ایف آئی اے نے کوئی کاروائی شروع نہیں کی اور اس حوالے سے وہ حکومتی احکامات کے منتظر ہیں دوسری طرف وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ دنوں ہونے والی اہم ملاقاتوں میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے انھیں قائل کرن کی کوشش کی ہے کہ وہ جہانگیر ترین کے خلاف مزید کارروائی سے گریز کریں جہانگیر ترین نے لندن روانگی سے متعلق ہونے والی قیاس آرائیوں کے حوالے سے اپنے بیان میں واضح کیا کہ میڈیا میں ان کے دورہ برطانیہ کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں -قیاس آرئیاں کرنے والے بے فکر رہیں۔

پریشانی کی کوئی بات نہیں انہوں نے کہا کہ دو ہزار چودہ میں بیماری سے صحت یاب ہونے کے بعد سے مجھے سال میں 2 بار چیک اپ کے لئے برطانیہ آنا ہوتا ہے ۔انشاء اللہ معمول کا چیک اپ مکمل کر کے جلد پاکستان لوٹوں گا -