کورونا وائرس کے خدشات ، پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہو ا

جمعہ 5 جون 2020 23:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2020ء) پنجاب اسمبلی کی کئی سالہ تاریخ میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کا اجلاس لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، پنجاب اسمبلی کے ایوان میں کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اسمبلی کا اجلاس ہوٹل کے ایک بڑے ہال میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا، کورونا ایس او پیز کو سامنے رکھتے ہوئے ہال میں ارکان اسمبلی کے بیٹھنے کے لئے بینچ لگائے گئے اجلاس کا مقررہ وقت سہ پہر تین بجے تھا جبکہ ہوٹل کے ہال میں مقررہ وقت پر ارکان اسمبلی کو ہال میں بلانے کے لئے گھنٹیاں بجانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، مقامی ہوٹل کے ہال میں سپیکر ڈائس اور ڈائس کے سامنے سٹاف کے بیٹھنے کی جگہ کے ساتھ ساتھ مہمان گیلری بھی تشکیل دی گئی جبکہ ہوٹل میں ارکان اسمبلی کی آمد کا سلسلہ دوپہر اڑھائی بجے سے شروع ہو گیا، ارکان اسمبلی کے لئے ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال لازم تھا، دوسری طرف ضلعی انتظامیہ نے پورے ہوٹل کو پنجاب اسمبلی کا درجہ دے رکھا تھا، ہر قسم کی آمد و رفت بند کر دی گئی جبکہ ہوٹل کی بیرونی سڑکوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے ہر قسم کی ٹریفک کے بند کر دیا گیا تھا، واضح رہے کہ مقامی ہوٹل میں اجلاس کے انعقاد کے پہلے روز اسمبلی سیکرٹریٹ میں پنجاب حکومت سے 66 لاکھ روپے کا مطالبہ کر رکھا تھا۔