پنجاب اسمبلی نے 3 متنازعہ کتابوں پر فوری پابندی لگانے پر حکم دے دیا

رسول اللہﷺ ، اہل بیت اورصحابہ کرام کے بارے نازیبا مواد کی اشاعت پر پابندی لگائی جائے،مارکیٹ میں موجود تمام کاپیوں کوفوری ضبط کیا جائے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 5 جون 2020 21:19

پنجاب اسمبلی نے 3 متنازعہ کتابوں پر فوری پابندی لگانے پر حکم دے دیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون 2020ء) پنجاب اسمبلی نے 3 متنازعہ کتابوں پر فوری پابندی لگانے پر حکم دے دیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ ، اہل بیت اورصحابہ کرام کے بارے نازیبا مواد کی اشاعت پر پابندی لگائی جائے، مارکیٹ میں موجود تمام کاپیوں کوفوری ضبط کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکرپنجاب اسمبلی نے 3 متنازعہ کتابوں پر فوری پابندی لگانے پر حکم دیتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کے بارے نازیبا مواد پر مبنی کتب کو ضبط کرکے آئندہ اشاعت پر پابندی لگوائیں۔

خلفائے راشدین اور صحابہ کرام کے بارے نازیبا مواد پر مشتمل کتب کو بھی فوری ضبط کیا جائے۔ 
انہوں نے کہا کہ انبیاء اکرام، اہل بیت ،صحابہ کرام کے خلاف نازیبا مواد سے ہمارے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

نازیبا مواد پر مشتمل کتب کو مارکیٹ سے فوری طور پر ضبط کریں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کتابوں پر پابندی کا نوٹیفکیشن آئندہ جمعہ کو ایوان میں پیش کرے۔

پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہان نے اس اقدام پر اسپیکر اسمبلی کی تعریف کی۔ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، ارکان اسمبلی سمیع اللہ خان، ملک ندیم کامران، خلیل طاہر سندھو، سید حسن مرتضیٰ، محمد معاویہ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور رائے ممتاز شریک ہوئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ اسمبلی بلڈنگ میں ایس او پیز کے تحت اجلاس منعقد کروانا ممکن نہیں تھا اس لیے متبادل جگہ کا بندوبست کیا گیا۔

ایوان اقبال، پی سی ہوٹل اور فلیٹیز ہوٹل سے کوٹیشن لی گئی۔ ایوان اقبال میں مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث لاگت بہت زیادہ تھی، پی سی ہوٹل نے بھی بہت زیادہ ڈیمانڈ کی، فلیٹیز ہوٹل نے دونوں کے مقابلے میں کم ڈیمانڈ کی اور اسمبلی کے قریب ہونے کی وجہ سے یہ جگہ زیادہ مناسب تھی۔ انہوں نے کہا کہ فلیٹیز ہوٹل کے قریب ہونے کی وجہ سے ارکان اسمبلی پیدل آ سکتے ہیں، اسمبلی پارکنگ اور اسمبلی آفس بھی قریب ہیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اجلاس کے آخر میں جتنا بل بنے گا میں مزید اس میں کمی کروانے کی کوشش کروں گا، حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے بیٹھنے کیلئے تیسرا ہال ہوٹل والوں سے ہم نے بالکل فری لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس سے قبل ہی بیان آنا شروع ہوگئے کہ خرچ بہت زیادہ آئے گا اگر اسمبلیوں کو تالے لگا دئیے جائیں تو خرچ بالکل نہیں آئے گا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس کے ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ارکان کو تاکید کی کہ سب ارکان اپنا کورونا ٹیس کروا کے آئیں، فیس ماسک کا استعمال لازمی ہو گا اور تمام ارکان اپنی مختص کردہ نشستوں پر بیٹھیں گے۔ اجلاس میں اپوزیشن رہنمائوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اتنے کم خرچ میں ہوٹل میں بجٹ اجلاس کروانا نہایت خوش آئند اقدام ہے۔ اجلاس میں اسمبلی کی نئی بلڈنگ جلد از جلد مکمل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔