اسٹیل ملز ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کرنا المیہ ہے، انجینئر سلمان خان

عوام پہلے ہی لاک ڈائو ن سے پریشان ہے ، دوسری طرف نااہل حکومت سرکاری ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کررہی ہے

جمعہ 5 جون 2020 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی کے صدر انجینئر سلمان خان نے کہا ہے کہ عمران حکومت اسٹیل ملز کے ہزاروں ورکرز کو پہلے ہی تنخواہوں سے محروم کیا جارہا تھا اور اب وفاقی و صوبائی حکومت نے ہزاروں خاندانوں کو ایک وقت کی روٹی سے بھی محروم کرنے کی تیاری کرلی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور انکے حواریوں نے الیکشن مہم میں بڑے بڑے دعوے اور وعدے کئے تھے کہ ادارے مضبوط و مستحکم کرینگے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا بلکہ ہزاروں افراد کو فارغ کردیا ۔

(جاری ہے)

انجینئر سلمان خان نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے اگر اسٹیل ملز کو ازسرنو منظم کیاجائے تو کوئی وجہ نہیں کہ یہ ادارہ منافع دینے والا بن سکتاہے اگر حکومت یہ ادارہ نہیں چلا سکتی ہے تو یہ اسٹیل ملز ہمارے حوالے کردے تو اس ادارے سے وابستہ تمام ورکزز مل کر ادارے کو منافع بخش بناکر دیکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی لاک ڈائون سے پریشان ہے تو دوسری طرف نااہل حکومت سرکاری ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کررہی ہے ۔ مسلم لیگ (ن) عوام دشمن فیصلے کو مسترد کرتی ہے حکمراں مستعفی ہو کر گھر چلے جائیں۔