متحدہ عرب امارات میں 20ہزار سے زائد مریضوں نے کورونا کو شکست دے دی

مملکت میں مزید 624 نئے کیسز رپورٹ، ایکٹو کیسز کی تعداد 17ہزار 31 رہ گئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 5 جون 2020 23:49

متحدہ عرب امارات میں 20ہزار سے زائد مریضوں نے کورونا کو شکست دے دی
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 جون2020ء) متحدہ عرب امارات میں 20ہزار سے زائد مریضوں نے کورونا کو شکست دے دی، مملکت میں مزید 624 نئے کیسز رپورٹ، ایکٹو کیسز کی تعداد 17ہزار 31 رہ گئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق 624نئے کورونا مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 37ہزار642ہوگئی ہے جبکہ مزید ایک مریض کے جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 274 سے بڑھ گئی ہے۔

جبکہ تندرست ہونے والے افراد کی کل گنتی 20ہزار337ہوگئی ہے۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے اپنے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈے محدود پروازوں کے لیے کھولنے کااعلان کیا ہے۔ان ہوائی اڈوں پر ٹرانزٹ پروازوں ، تارکین وطن کی واپسی یا اماراتی شہریوں اور مکینوں کو لانے والی پروازوں کو اترنے یا وہاں سے روانہ ہونے کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اعلان کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں سرکاری شعبے کے 50 فی صد سرکاری ملازمین 7 جون تک اپنے کاموں پر واپس آجائیں گے۔

اماراتی حکومت نے توقع ظاہر کی ہے کہ سرکاری ملازمین حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے۔اماراتی حکومت نے ایک ہفتہ قبل 30 فی صد سرکاری ملازمین کو دفاتر میں آنے کی اجازت دی تھی۔یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدام حکومت کے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے عاید کردہ پابندیوں کے بتدریج خاتمے اور معمول کے حالات کی بحالی کے لیے کوششوں کا حصہ ہے۔

اماراتی حکومت نے ان ملازمین کی ایک فہرست جاری کی جنھیں دفاتر میں حاضری سے مستثنیٰ قراردیا گیا اور وہ اپنے گھروں ہی سے کام کریں گے۔ ان میں حاملہ خواتین ،کم زور قوتِ مدافعت کے حاملین اور دمے اور ذیابطیس ایسے دائمی امراض کا شکار سرکاری ملازمین شامل ہیں۔زائد العمر ملازمین اور گریڈ 9 تک زیر تعلیم بچوں کی نگہداشت کرنے والی خواتین یا معذور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی خواتین کو بھی سرکاری دفاتر میں حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ دفاترمیں لوٹنے والے ان 50 فی صد سرکاری ملازمین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ دفاتر میں حاضری کے وقت سماجی فاصلے سمیت تمام احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں۔