برازیل میں کورونا وائرس کے باعث حالات مزید بگڑ گئے

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 30 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ، برازیل امریکہ کے بعد کورونا سے متاثرہ دوسرا بڑا ملک بن چکا ہے

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر ہفتہ 6 جون 2020 06:23

برازیل میں کورونا وائرس کے باعث حالات مزید بگڑ گئے
برازیلیہ (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جون 2020ء) برازیل میں کورونا وائرس کے باعث حالات مزید خراب۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 30 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق برازیل کورونا وائرس سے تیزی سے متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے جہاں پر ریکارڈ نئے کیسز رپورٹ کیے جا رہے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 30 ہزار سے زائد ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق برازیل اس وقت امریکہ کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ دوسرا بڑا ملک بن گیا چکا ہے جہاں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 45 ہزار 771 ہو چکی ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل میں اب تک کورونا وائرس کے باعث 35 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جس کے بعد کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کرنے والے ممالک میں سے برازیل تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

(جاری ہے)

تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ کورونا کے باعث 1 لاکھ 11 ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کرنے کے بعد بدستور پہلے نمبر پر ہے جبکہ برطانیہ 40 ہزار سے زائد ہلاکتوں کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ مذکورہ دونوں ممالک کے بعد برازیل میں ریکارڈ ہونے والی ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔

 
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی برازیل میں کرونا وائرس کے سبب 1021 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ امریکی ادارے کے جمعہ کو جاری اعداد و شمارمیں بتایا گیا تھا کہ برازیل میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 34 ہزار ہو چکی ہے جس کے بعد اموات کی تعداد کے لحاظ سے برازیل دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر آ گیا تھا۔ برازیل کی مجموعی آبادی 21.2 کروڑ ہے اور یہاں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ دو ریاستوں ساؤ پاؤلو اور ریو ڈی جنیرو میں صحت کا نظام بیٹھ جانے کے قریب ہے۔ ملک کے شمال اور شمال مشرق میں متعدد ریاستوں کو بھی اسی قسم کی صورت حال کا سامنا ہے۔