ٹنل فارمنگ سے کسان اپنی پیداوار دوگنی کر سکتے ہیں،کم سے کم پانی استعمال کر کے بے موسمی سبزیاں بھی اگائی جا سکتی ہیں، ترجمان محکمہ زراعت

ہفتہ 6 جون 2020 11:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ٹنل فارمنگ سے کسان اپنی پیداوار دوگنی کر سکتے ہیںجبکہ اس ٹیکنالوجی کے باعث کم سے کم پانی استعمال کر کے بے موسمی سبزیاں بھی اگائی جا سکتی ہیں۔ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایا کہ ٹنل فارمنگ کے فروغ کیلئے کاشتکاروں ، کسانوں اور زمینداروں کو زرعی تعلیم و تربیت کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اس کے بغیر 100فیصد ہدف کا حصول ممکن نہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کے اشتراک سے تربیتی پروگرام کے اجراء کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیںتاکہ کاشتکاروں کو یہ بتایا جا سکے کہ ٹنل فارمنگ سے کس طرح زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹنل فارمنگ بہترین اور جدید ٹیکنالوجی ہے جس سے پیداوار میں اضافہ ، بے موسمی سبزیوں کے حصول سمیت ایک سیزن سے بھی کم عرصہ میں سرمایہ کاری کے جوابی فائدہ کا حصول ممکن ہے۔ انہوںنے کہا کہ ٹنل سردیوںکے موسم میں بھی گرمیوں جیسا ماحول پیداکرتی ہے جس کی وجہ سے سردیوں کی سبزیاں گرمیوں میں بھی اگائی جا سکتی ہیں ۔