کوہاٹ پولیس کاسماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن ‘22مشتبہ افراد گرفتار

ہفتہ 6 جون 2020 12:27

کوہاٹ پولیس کاسماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن ‘22مشتبہ افراد گرفتار
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) کوہاٹ کینٹ پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے دوران مطلوب اشتہاریوں اور ڈکیتوں سمیت 22مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔کاروائی میں زیر حراست افراد کے قبضے سے خود کار ہتھیاروں کی ایک کھیپ بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)منصور امان کی واضح ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں امن وامان کے قیام اور انسداد جرائم کی خاطر پولیس کی کامیاب کاروائیوں کا تسلسل جاری ہے اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی سرکوبی کیلئے منظم اور نتیجہ خیز کریک ڈاؤن کے ذریعے مطلوبہ اہداف حاصل کئے جارہے ہیں۔

ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پرجاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ چھاؤنی قسمت خان نے پولیس اورایلیٹ فورس کی بھاری نفری کے ہمراہ نوے کلے، محمد زئی،میاں گڑھی،ابلن افغان مہاجر کیمپ اور ملحقہ علاقوں میں جگہ جگہ چھاپہ مار کاروائیوں کا انعقاد کیا جسکے نتیجے میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قتل واقدام قتل اوراغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں مطلوب 2اشتہاریوں سمیت 22مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

انٹیلی جنس بیسڈ کریک ڈاؤن کے دوران پولیس کی آپریشنل ٹیموں نے مسلسل خفیہ اطلاعات کی بنیاد پرگاؤں محمد زئی میں کامیاب کاروائی کے نتیجے میں تین مسلح ڈاکوؤں عبداللہ نور،عاطف اور دھیان محمد کو بھی حراست میں لے لیا ہے جو ہنگو روڈ پر وارداتوں میں ملوث ہیں۔طویل کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے زیر حراست افراد کے قبضے سے جوخور کار ہتھیار برآمد کئے ہیں ان میں 1کلاشنکوف،1 بندوق،1ریپیٹر،3پستول،6چارجرز اور مختلف قسم کے درجنوں کارتوس شامل ہیں۔

پولیس نے گرفتار تمام افراد کو سخت سکیورٹی میں تھانہ کینٹ منتقل کردیا ہے جہاں انکے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے گئے ہیں اور انہیں تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہے اور ابتدائی پوچھ گچھ میں زیر حراست اشتہاریوں اور ڈکیتوں نے اپنے جرائم کا اعتراف کرلیا ہے اور ان سے مزید بھی اہم انکشافات متوقع ہیں۔