رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت11 جولائی تک ملتوی

ہفتہ 6 جون 2020 12:27

رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت11 جولائی تک ملتوی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) انسداد منشیات عدالت لاہور نے مسلم لیگ( ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثناء اللہ کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت11 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز عدالتی سماعت پر رانا ثناء اللہ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث رانا ثناء اللہ عدالت پیش نہیں ہوسکتے۔

لہذا اسمبلی سیشن میں شرکت کے باعث عدالت سے حاضری کی معافی کی درخواست منظور کی جائے، جس پر عدالت نے گزشتہ روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر فریقین کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔ پنجاب کے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ پر 15 کلو منشیات برآمد ہونے کا الزام ہے۔ اے این ایف نے ان کے خلاف 15 کلو ہیروئن برآمدگی کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔