نیب کے چھاپے کے دوران شہبازشریف گھر میں ہی چھپے ہوئے تھے، شیخ رشید

شہبازشریف اپنے گھر کے پیچھے والے کمرے میں چھپے ہوئے تھے، انہیں وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کی عادت ہے، وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 6 جون 2020 13:29

نیب کے چھاپے کے دوران شہبازشریف گھر میں ہی چھپے ہوئے تھے، شیخ رشید
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-06جون2020 ء) نیب کے چھاپے کے دوران شہبازشریف گھر میں ہی چھپے ہوئے تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے ریلوے شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ جب نیب نے صدر مسلم لیگ ن کے گھر چھاپہ مارا تھا تووہ گھر میں ہی موجود تھے۔ بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہبازشریف اپنے گھر کے پیچھے والے کمرے میں چھپے ہوئے تھے۔

وفاقی وزیر نے شہبازشریف کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کی عادت ہے، شہبازشریف مفاہمتی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور عمران خان کو کوئی دلچسپی نہیں۔ شیخ رشید نے اپنی رمضان میں کی گئی بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے آپ سب کو پہلے ہی کہا تھا کہ رمضان کے بعد ٹارزن کی واپسی ہو گی، اس کی واپسی کا اندازہ آپ کو شہبازشریف کی رہائش گاہ پر نیب کے چھاپے سے ہو گیا ہو گا۔

(جاری ہے)

بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کا کیس سنجیدہ ہے، انہیں جیل جانا ہو گا۔ خیال رہے کہ کچھ دن قبل نیب نے شہبازشریف کی گرفتاری کے لئے ان کی رہائش گاہ سمیت لاہور میں مسلم لیگ ن کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے تھے جس کے بعد نیب ان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہو گئی تھی۔ تا ہم بعد میں اگلے دن ہی لاہور ہائیکورٹ نے شہبازشریف کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کر لی تھی جس کے بعد شہبازشریف کو 17 جون تک گرفتا کرنے سے روک دیاگیا تھا۔

تا ہم نیب کے چھاپے کے وقت کہا گیا تھا کہ شہبازشریف اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں ہیں، لیکن اب شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ صدر مسلم لیگ گھر پر ہی موجود تھے اور گھر کے پیچھے والے کمرے میں انہیں رکھا گیا تھا۔ مزید بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے چینی اسکینڈل کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں ملوث تمام افراد کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا، عمران خان کسی کو ریلیف نہیں دے گا۔