آج دنیا کورونا کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کا اعتراف کر رہی ہے،

ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے احساس پروگرام کے تحت قلیل ترین مدت میں اس قدر کثیر رقم کی ترسیل پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے، وزیر اعظم عمران خان

ہفتہ 6 جون 2020 14:25

آج دنیا کورونا کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کا اعتراف کر رہی ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج دنیا کورونا کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کا اعتراف کر رہی ہے۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے احساس پروگرام کے تحت قلیل ترین مدت میں اس قدر کثیر رقم کی ترسیل پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے، معیشت کا پہیہ چلانا ضروری ہے، ٹائیگر فورس کے رضاکار ایس او پیز پر عمل کرائیں۔

ہفتہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور احساس کی ساری ٹیم داد کی مستحق ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک پر اللہ کا کرم رہا ہے، انہوں نے پوری قوم، کمانڈ اینڈ کنٹرول ٹیم اور طبی عملہ کی خدمات کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا ملک اس مقام پر ہے جہاں اب بھی احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد ہمیں بڑی مصیبت سے بچا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ دنیابھر میں لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ متاثر غریب طبقہ ہوا ہے، کورونا کی صورتحال نہ صرف غریب طبقے کو متاثر کرتی ہے بلکہ سفیدپوش طبقے کوبھی غربت کی چکی میں پیس دیتی ہے۔ امریکہ جیسے ملک میں بھی لوگوں کو قطاروں میں کھانا دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ ممالک میں کوروناکے نتیجے میں لگنے والا لاک ڈاؤن مزید تباہ کن ثابت ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ احساس کے تحت لاک ڈاؤن سے متاثر لوگوں کی مددکی گئی لیکن محدود وسائل کے ساتھ حکومت سب کی مالی معاونت نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے محاصل بڑھانا ہوں گے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کھولے جا رہے ہیں۔ کورونا فورس کے رضاکاران ان ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ٹائیگر فورس کو اب باقاعدگی سے ہدایات کا اجراء کیا جائے گا۔ آنے والے دنوں میں اگر ہاٹ سپاٹس کو بند کیا گیا تو بھی رضاکاران کی ضرورت پڑے گی۔ یہ فورس انتظامیہ کا بوجھ بانٹے گی اور لوگوں میں شعور بیدار کر کے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔