پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان محمد صادق کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ، افغان امن عمل پر گفتگو

افغانستان میں دیرپا امن و استحکام پورے خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے ،مخدوم شاہ محمود قریشی کی بات چیت

ہفتہ 6 جون 2020 14:51

پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان محمد صادق کی شاہ محمود قریشی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2020ء) حال ہی میں تعینات ہونیوالے پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل سمیت خطے کے امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام پورے خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کیا جسے آج دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا ۔وزیر خارجہ نے ایمبیسڈر محمد صادق کو خصوصی ایلچی برائے افغانستان تقرری پر مبارکباد اور خصوصی ہدایات دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آپ جیسے وسیع تجربہ کے حامل سفارت کار کی اس اہم منصب پر تعیناتی سے پاک افغان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔