ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کے تحت گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 44 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے اور 4500 ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا اسپرے

ہفتہ 6 جون 2020 14:57

ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کے تحت گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کے تحت گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 44 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے اور 4500 ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا اسپرے کیا گیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق اس وقت ملک کے 49 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے۔ بلوچسستان کے 33 ، خیبر پختونخوا 9، پنجاب 2 اور سندھ کے 5 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔

بلوچسستان میں خضدار، آواران، نوشکی، چاغی، گوادر، اتھل، کیچ، پنجگور، خاران، وشوک اور کوئٹہ کے علاوہ دیگر اضلاع بھی متاثر ہیں۔ کے پی کے میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم، اورکزئی اور خیبر کے اضلاع اور پنجاب میں ڈیرہ غازی خان اور میانوالی میں ٹڈی دل موجود ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق سندھ میں میرپورخاص، تھرپارکر، ٹنڈو الہ یار، جامشورو اور شہید بے نظیر آباد میں ٹڈی دل کے حملے ہوئے ہیں۔

ٹڈی دل کے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔ 1124 ٹیموں نے لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لیا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 44 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے ہوا۔ 4500 ہیکٹر رقبہ کا ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا اسپرے کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق بلوچسستان میں 2900 ہیکٹر رقبہ پر سپرے کیا گیا۔ پنجاب میں 100 ہیکٹر پر سپرے کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں 900 ہیکٹر رقبہ کی ٹریٹمنٹ ہوئی۔ سندھ میں گذشتہ روز 600 ہیکٹر رقبہ ٹریٹمنٹ کیا گیا۔ اب تک پورے ملک میں 5 لاکھ 20 ہزار 200 ہیکٹر رقبہ پر سپرے کیا جا چکا ہے۔