انتہائی نگہداشت یونٹس میں کورونامریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، مرتضی وہاب

سندھ بھر میں کورونا وائرس کے شکار 198مریض آئی سی یو میں داخل ہیں ، 55 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں،ترجمان حکومت سندھ

ہفتہ 6 جون 2020 16:21

انتہائی نگہداشت یونٹس میں کورونامریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2020ء) ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے سبب اسپتالوں، آئی سی یو، انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں مریضوں کا دباو بڑھنے لگا ہے ۔

(جاری ہے)

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں کورونا وائرس کے شکار 198مریض آئی سی یو میں داخل ہیں جبکہ 55 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔انہوں نے صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر مزید کہا ہے کہ کورونا وائرس کے شکار مریض طبیعت خراب ہونے پر ایچ ڈی یو میں زیر علاج ہیں، 149 مریضوں کو ایچ ڈی یوز میں سانس لینے میں دشواری کے باعث منتقل کیا گیا ہے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اسپتالوں، وینٹی لیٹرز، آئی سی یو میں آنے والے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ 2 ہفتے قبل تمام سرگرمیوں کو کھولنے سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔