اوورسیز پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے دل کے قریب ہیں،اجمل وزیر

ْاپوزیشن موجودہ حالات میں انتشار پھیلانے کی بجائے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں،مشیر اطلاعات

ہفتہ 6 جون 2020 21:43

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے دل کے قریب ہیں،وزیراعلی محمود خان کی خصوصی درخواست پر باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے تارکین وطن لانے کیلئے فلائٹ آپریشن شروع ہوچکا ہے،بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی میتیں بھی لائی جارہی ہیں،مختلف خلیجی ممالک سے اپریل سے مئی تک 23خصوصی پروازوں کے ذریعے چار ہزار سے زائد تارکین وطن ملک پہنچے ہیں اور مزید اوورسیز کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے،لاک ڈان سے پہلے صرف دو مہینوں میں 81000سے زائد مسافر باچا خان ائیرپورٹ کے ذریعے ملک آئے ہیں،تمام مسافروں کو مکمل سکریننگ کے بعد گھروں کو منتقل کیا جاتا ہے، کورونا سے متاثرہ مریضوں کو قرنطینہ سنٹرز میں قیام دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپوزیشن آل پارٹیز کانفرنس پر ردعملدل دیتے ہوئے کیا۔اجمل وزیر کا کہناتھا کہ خیبر پختونخوا میں اپوزیشن کی کل جماعتیں کانفرنس بے وقت کی راگنی ہے،حل ہونے کے بعد اپوزیشن کو مسائل کی نشان دہی یاد آجاتی ہے، اپوزیشن موجودہ حالات میں انتشار پھیلانے کی بجائے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا کے خلاف موثر اقدامات کئے جارہے ہیں،خیبر پختونخوا میں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بے مقصد ہے کیونکہ حکومت کورونا کے خاتمے اور اوورسیز کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے،کورونا متاثرین کے لیے حکومت نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام شروع کیا ہے جو ملک کی تاریخ کا شفاف ترین منصوبہ ہے ۔

ان کا کہناتھا کہ قومی رابطہ کمیٹی میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلی سمیت وزیر اعظم آزاد کشمیر سے مشاورت کی جاتی ہے، ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام تر فیصلے صوبوں کے ساتھ مشاورت سے ہو رہے ہیں جسکا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جا تا ہے،اپوزیشن کو اوورسیز پاکستانی تب یاد آئے ہیں جب حکومت ان کیلئے اقدامات اٹھا چکی ہے۔ان کا کہناتھا کہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی کی جتنی فکر وزیراعظم عمران خان کوہے اتنی کسی اور کو نہیں ،وزیر اعلی محمود خان کی قیادت میں ضم شدہ اضلاع کی تیز تر ترقی کا عمل جاری ہے، آنے والے بجٹ میں ضم اضلاع کی ترقی کیلئے خاطر خواہ رقم مختص کریں گے، ہمارے ڈاکٹرز اور طبی عملہ کم وسائل کے باوجود کورونا کے خلاف برسر پیکار ہیں، ڈاکٹرز اور طبی عملہ ہمارے ہیروز ہیں مشکل کی اس گھڑی میں انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،تمام کاروباروں کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دی ہے، عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ضلعی انتظامیہ ایکشن لے رہی ہے۔

ان کا کہناتھا کہ تاجر برادری سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، وزیراعظم عمران خان کو ہمیشہ غریب اور مزدور طبقے کی فکر رہتی ہے،لاک ڈاون میں نرمی میں بھی غریب طبقے کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے،حکومت کو دو چیلنجز کا سامنا ہے کورونا سے لڑنا اور معیشت کا پہیہ چلانا۔