پنڈی گھیب، ملک عدنان صادق ایڈووکیٹ کا برادری اور دوستوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

سابق وفاقی وزیر مملکت برائے دفاع سردار سلیم حیدر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار

ہفتہ 6 جون 2020 22:01

پنڈی گھیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2020ء) ملک عدنان صادق ایڈووکیٹ نے برادری اور دوستوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ سابق وفاقی وزیر مملکت برائے دفاع سردار سلیم حیدر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پنڈی گھیب کے رہنما ملک فیصل اعوان کی خصوصی کاوشوں سے سیاسی و سماجی شخصیت ملک عدنان صادق ایڈووکیٹ نے اپنی برادری اور دوستوں سمیت سابق وزیر مملکت سردار سلیم حیدر کی موجودگی میں باضابطہ طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

اس موقع پر امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حاجی ملک اختر، ملک فتح خان،ملک فیصل، ڈاکٹر عبدالقادر ، عبدالرحمن شاہین،حافظ مطیع الرحمن، ، سردار محمد خان،الحا ج ابرار،نور شاہ علوی، ملک ابرار، حاجی محمد شریف،ملک حمزہ،محمد اعجازاقبال،خان آصف حیات خان،طارق قادری،ساجد رحمان کے علاوہ پیپلز پارٹی کے عہدیداروں اورکارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر مملکت سردار سلیم حیدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک عدنان صادق ایڈووکیٹ نے اپنی برادری اور دوستوں سمیت جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا اور ان کو مایوس نہیں کروں گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں متحد ہیں۔ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی۔