کشمیر پل انڈر پاس کے میگا پراجیکٹ کا 70فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکاہے،سہیل خواجہ

حکومت پنجاب سی38کروڑ روپے کے بقایا فنڈز کی فراہمی کے بعد یہ منصوبہ تین ماہ کی مدت میں حتمی طور پر مکمل کرلیاجائیگا ؒتعمیراتی مراحل کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالہ کیلئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں،ڈی جی ایف ڈی اے فیصل آباد

ہفتہ 6 جون 2020 22:01

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2020ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ نے کہاہے کہ ایک ارب 28کروڑ روپے کی لاگت سے زیرتکمیل کینال روڈ پر کشمیر پل انڈر پاس کے میگا پراجیکٹ کا 70فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکاہے اورحکومت پنجاب سی38کروڑ روپے کے بقایا فنڈز کی فراہمی کے بعد یہ منصوبہ تین ماہ کی مدت میں حتمی طور پر مکمل کرلیاجائیگا تاہم تعمیراتی مراحل کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالہ کیلئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے یہ بات رکن قومی اسمبلی چوہدری فیض اللہ کموکا سے ملاقات کے دوران بتائی ۔اس موقع پر ایف ڈی اے کے مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز مہرایوب،حسن ظہیر،جیندعثمان، اسماء محسن،ڈاکٹر انعم ساجد ملک،سہیل مقصود، ڈپٹی ڈائریکٹرزایڈمن یاسراعجاز چٹھہ ودیگرافسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ کشمیر پل انڈر پاس کے منصوبے کی تکمیل اولین ترجیح ہے تاہم کوروناوائرس کے باعث معاشی مشکلات کے باوجود حکومت پنجاب کی طرف سے بقایافنڈز کی فراہمی کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر پل انڈر پاس کے قریب بارش کی وجہ سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور مشرقی حصے کی صفائی اور خشک کرکے اسے آئندہ تین روز کے اندر عارضی طور پر ٹریفک کیلئے کھول دیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ منصوبے کے قریب گردوغبار اوردیگر ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے بھی ضروری کارروائی کی جارہی ہے۔

انہوں نے ایم این اے چوہدری فیض اللہ کموکا سے کہاکہ وہ کشمیر پل انڈر پاس کے بقایا فنڈز کے حصول کے اقدامات میں تعاون کریں تاکہ عوامی فلاح وبہبود اور شہری ترقی کے اس منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر نہ ہو اور شہریوں کوجلد ریلیف حاصل ہوسکے۔ ملاقات کے دوران انہوں نے ایف ڈی اے کی طرف سے غیر قانونی پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف کارروائی ،نادھندگان سے بقایا جات کی وصولی کی حکمت عملی ، ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد ، علاقائی وشہری ترقی کیلئے فیصل آبادرنگ روڈ ،ایکسپریس وے،ٹینکو پارک اور دیگرمجوزہ منصوبوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور بتایاکہ مالی وسائل میں کمی و مشکلات کے باعث واسا کی سروسز کے معیار میں بہتری لائی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ واسا فیصل آبادکو لاہور ودیگر بڑے شہروں کے برابر حکومت پنجاب سے سبسڈی کے فنڈزکی فراہمی میں تعاون پر بھی زور دیا۔

ایم این اے چوہدری فیض اللہ کموکا نے ایف ڈی اے کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے نئے اقدامات و اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت حقیقی ترقی اور تیزرفتار عوامی ریلیف کی فراہمی کیلئے ہمہ جہت انقلابی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران مشکل حالات میں وزیراعظم عمران خان شہریوں اور معیشت کے تحفظ کیلئے بہترین حکمت عملی اختیار کی اورمعاشی بحران سے نپٹنے کیلئے آئندہ بھی موثر اقدامات تجویز کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر پل انڈر پاس کے میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے ٹریفک کے حوالے سے شہریوں کو خاطرخواہ ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہری ترقی کے مختلف زاویوں پر گہری نظر ہے اور نئے پراجیکٹس تجویز کرنے کیلئے تمام ترقیاتی اداروں سمیت ڈویژنل ،ضلعی انتظامیہ سے مکمل رابطہ رکھا جارہاہے تاکہ اس دور حکومت میں فیصل آبادکو ترقی کے لحاظ سے منفرد اور نیا مقام حاصل ہو۔ انہوں نے کہاکہ واسا سمیت دیگر پراجیکٹس کیلئے فنڈز کے حصول کیلئے وزیراعظم عمران خان سے عنقریب ملاقات کی جائیگی۔