مقبوضہ کشمیر: اسلام آباد میںرات کے دوران باغات کے درخت کاٹے جانے پرلوگ حیران و پریشان

ہفتہ 6 جون 2020 22:17

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع اسلام آباد کے علاقے مہند میں گزشتہ ایک ہفتے سے نامعلوم افرادکی طرف سے رات کے دوران سیب کے درختوں کو نقصان پہنچائے جانے کے بعد لوگ پریشانی اور غم و غصے میں مبتلا ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقامی لوگوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران اس طرح کے تین واقعات میں سیب کے آٹھ باغات میں 250 سے زائد درختوں کو نقصان پہنچا یاگیا۔

کچھ لوگوں نے بتایا کہ پہلا واقعہ ایک ہفتہ قبل پیش آیا جب عبد العزیز وگے ، شبیر احمد صوفی اور غلام محمد ڈار کے تین باغات کو شرپسندوں نے نشانہ بنایا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پہلے ہم نے سوچا کہ شاید یہ کچھ ذاتی دشمنی یا کسی دوسرے مسئلے کی وجہ سے ہو اور اس واقعے کو لوگوں نے نظراندازکردیا۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں نے بتایا کہ3 جون کو عبدالرشید راتھر ، عبد الرحیم راتھر اور عبدالرحیم بٹ کے باغات کو نشانہ بنایا گیا اور ہر باغ میں 50 سے زائد درختوں کو نقصان پہنچایاگیا۔

لوگوں کو حیرت ہے کہ بھاری تعداد میں بھارتی فورسز کی موجودگی میں کوئی اوزار استعمال کئے بغیر اس طرح کی توڑ پھوڑ کرنے کی ہمت اور طاقت کس میں ہے ۔ مقامی لوگوں کی پریشانی اس وقت بڑھ گئی جب غلام حسن وگے اور تنویر احمد گنائی کے دو مزید باغات میں درختوں کو نقصان پہنچایاگیا۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ ان دو باغات میں 80 کے قریب درختوں کو نقصان پہنچا ہے۔