پاکستان میں پھنسے کشمیریوں کابھارتی حکومت کی طرف سے انہیں واپس نہ لانے پراظہار تشویش

ہفتہ 6 جون 2020 22:17

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان میں پھنسے ہوئے کئی کشمیریوں نے بھارتی حکومت کی طرف سے انہیں واپس نہ لانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پاکستان میں پھنسے کشمیریوں خاص طورپر طلباء نے سرینگر سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار کشمیر مانیٹر کو متعدد ای میلز میں کہا کہ ان کے پاس رقم اور اشیائے ضروریہ کی کمی ہے جبکہ بہت سے لوگوں نے ذہنی تنائو میں مبتلاہونے کا دعوی کیا ہے۔

(جاری ہے)

طلباء کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھارتی سفارت خانے میں موجود عہدیداروں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ نہ تو ہماری کالز اٹھا رہے ہیں اور نہ ہی ہمارے پیغامات کا جواب دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 19 مئی کو بتایا گیا تھا کہ واپس لیجانے کے لیے جلدفارم پٴْر کریں لیکن یہ وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہوا۔طلباء نے کہا کہ چونکہ انہیں مقبوضہ کشمیر پہنچنے کے لئے واہگہ سے سرحد عبور کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے لہذا انہیں نہیں معلوم کہ انہیںوہاں سے کب اور کیسے نکالا جائے گا۔