مقبوضہ کشمیر:دس ماہ کے فوجی محاصرے کے دوران 142کشمیری شہید

کشمیری تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں: حریت رہنما

ہفتہ 6 جون 2020 22:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) مقبوضہ کشمیر میں نریندر مودی کی سربراہی میں قائم فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے گزشتہ دس ماہ سے جاری مسلسل فوجی محاصرے نے مقبوضہ علاقے کے رہائشیوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے۔ مودی حکومت کی طرف سے گزشہ برس پانچ اگست کو نافذ کیے جانے والے فوجی محاصرے کے دس ماہ مکمل ہونے پر کشمیرمیڈیاسروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہاگیا کہ بھارتی فوجیوں نے گذشتہ دس ماہ کے دوران4خواتین سمیت 142کشمیریوںکو شہید کیا ۔

اس عرصے کے دوران بھارتی فوجیوںاورپولیس اہلکاروںکی طرف سے پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سی1300کشمیری شدید زخمی ہوگئے۔ رپوٹ میں کہا گیا کہ فوجیوں نے اس عرصے کے دوران مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کارروائیوں کے دوران910گھرتباہ کیے جبکہ 74خواتین کی آبروریزی کی ۔

(جاری ہے)

کے ایم رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ہزاروں حریت رہنما ، کارکن، سیاست دان ، صحافی ، وکلا اور انسانی حقوق کے کارکن گزشتہ کئی ماہ سے گھروں یا مقبوضہ کشمیر اور بھارتی جیلوں میں نظر بند ہیں۔

؂رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر انسانی لاک ڈان کا مقصد کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزور کرنا تھا تاہم بھارت گزشتہ کئی مہینوں سے جاری بدترین محاصرے کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کوکمزور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے اوروہ سید علی گیلانی کی جرا،ْت مندانہ قیادت میںاپنی تحریک آزادی جاری رکھنے کے حوالے سے پرعزم ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کشمیری عوام کل جماعتی حریت کانفرنس کے پیچھے ایک چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور پوری کشمیری قوم متحدہے اور فورم کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

دریں اثنا ء سینئر حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ سرینگر کے علاقے باغات برز لہ میں تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے بیٹے جنید صحرائی کی شہادت پر ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ بعدازاں پروفیسر بٹ اپنے پارٹی ارکان کے ہمراہ جماعت اسلامی کے سابق امیر غلام محمد بٹ کی خیریت دریافت کرنے کے لئے بمنہ گئے۔

جموں وکشمیر یوتھ سوشل فورم کا وفد بھی اشرف صحرائی کی رہائش گاہ پر گیا۔جموں وکشمیر اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام تنازعہ کشمیر کے ایک منصفانہ ، باوقار اورپائیدارا حل کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں عوامی ایکشن کمیٹی نے سرینگر میں ایک بیان میں اپنے رہنما اور سماجی و سیاسی کارکن مولوی مشتاق احمد کو ان کی 16 ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

امرتسر میںآپریشن بلیو اسٹار کی 36 ویں برسی کے موقع پر گولڈن ٹیمپل میں سکھ برادری کے ارکان نے خالصتان کے حق میں نعرے لگائے۔ شرومنی اکالی دل کے صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ سمرنجیت سنگھ مان کے بیٹے امان سنگھ مان کی قیادت میں ایک سو کے قریب کارکنوں نے سکھوں کے مقدس ترین مقام اکال تخت کے سامنے نعرے لگائے۔ بھارتی فوج نے سکھوںکے عسکری و مذہبی رہنما جرنیل سنگھ بھندرانوالہ اور ان کے پیروکاروں کو گولڈن ٹیمپل کی عمارت سے نکالنے کے لئے 1984ء میں یکم سے 8 جون تک آپریشن بلیو اسٹار کے دوران متعدد سکھوں کو ہلاک اور زخمی کیا تھا۔

غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی قیادت میں قائم جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اپنی تنظیم کے رکن اسرار حسین میر عرف میراث الاسلام کے انتقال پر آج سرینگر میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا۔ میراث الاسلام جمعرات کو راولپنڈی میں انتقال کرگئے۔