بلاول زرداری کی وفاقی حکومت پر تنقید کو ''ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا'' کی اعلیٰ و ارفع مثال ہے،فیاض الحسن چوہان

بلاول زرداری ایک دفعہ پھر اپنے خود ساختہ قرنطینہ سے حکومت کے خلاف واجبی بیان بازی کرنے نکلے ہیں،وزیرِ اطلاعات پنجاب

ہفتہ 6 جون 2020 23:00

بلاول زرداری کی وفاقی حکومت پر تنقید کو ''ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا'' کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2020ء) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بلاول زرداری کی جانب سے پریس کانفرنس میں وفاقی حکومت پر تنقید کو ''ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا'' کی اعلیٰ و ارفع مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول زرداری ایک دفعہ پھر اپنے خود ساختہ قرنطینہ سے حکومت کے خلاف واجبی بیان بازی کرنے نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور بلاول زرداری دس سال تک اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کی خود مختاری کی وکالت کرتے رہے، اسی اٹھارویں ترمیم پر بے جا تنقید سے بلاول زرداری کا بچگانہ پن اور نادانی کا پتہ چلتا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مشرف دور تک پاکستان سٹیل مل ایک منافع بخش ادارے کے طور پر کام کرتی رہی۔ 2008 سے 2015 تک پاکستان سٹیل مل مسلسل خسارے میں چلنے کے بعد بند ہو گئی۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آلِ شریف اور آلِ زرداری اپنی بے مثال بدانتظامی سے پاکستان سٹیل مل سمیت دیگر منافع بخش قومی اداروں کو گھٹنوں پر لے آئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں لازوال نااہلی، کرپشن اور گورننس کے فقدان کا الزام وفاق پر تھوپنا پیپلز پارٹی کا پرانا شیوہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں کرونا کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جبکہ کرونا کے خلاف باتوں میں سب سے آگے رہنے والے وزیرِ اعلیٰ سندھ نیب میں پیشیاں بھگت رہے ہیں۔