سید عبدالحمید دیوانی کے فلسفہ آزادی پر عملدرآمد کی ضرورت ہے ۔ کشمیر فریڈم موومنٹ سعودی عرب

کشمیر فریڈم موومنٹ سعودی عرب کے زیراہتمام آن لائن تقریب میں عظیم حریت پسند راہنما سپریم کمانڈر سید عبدالحمید دیوانی کی 27 ویں برسی اور شفقت ظہور راجہ کی 19ویں برسی انتہائی عقیدت واحترام اور پورے جوش و خروش کے ساتھ اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منائی گئی کہ ریاست جموں و کشمیر پر بیرونی جبری تسلط کے خاتمے اور اس کی وحدت کی بحالی اور ایک آزاد اسلامی فلاحی ریاست کے قیام تک جہدوجہد جاری رہے گی

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 6 جون 2020 20:18

سید عبدالحمید دیوانی کے فلسفہ آزادی پر عملدرآمد کی ضرورت ہے ۔ کشمیر ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جون2020ء،نمائندہ خصوصی،حافظ عرفان کھٹانہ) کشمیر فریڈم موومنٹ سعودی عرب کے زیراہتمام آن لائن تقریب میں عظیم حریت پسند راہنما سپریم کمانڈر سید عبدالحمید دیوانی کی 27 ویں برسی اور شفقت ظہور راجہ کی 19ویں برسی انتہائی عقیدت واحترام اور پورے جوش و خروش کے ساتھ اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منائی گئی کہ ریاست جموں و کشمیر پر بیرونی جبری تسلط کے خاتمے اور اس کی وحدت کی بحالی اور ایک آزاد اسلامی فلاحی ریاست کے قیام تک جہدوجہد جاری رہے گی۔

تقریب کی صدارت زاہد راجپوت جرال صدر کشمیر فریڈم موومنٹ سعودی عرب نے کی ۔ تقریب سے مرکزی رابطہ سیکرٹری کشمیر فریڈم موومنٹ انجنیئر محمد وقاص نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید عبدالحمید دیوانی صاحب ریاست جموں و کشمیر کے ایک بہادر سپوت تھے جنھوں نے ظلم، جبر،غلامی، استحصال اور منافقت کے خلاف جہدوجہد کی ۔

(جاری ہے)



انھوں نے کہا کہ شہید مقبول بٹ کے بعد آزادی کشمیر کے لئے اخلاص کے ساتھ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر میدان جہدوجہد کا رخ کرنے والا سید عبدالحمید دیوانی حقیقی معنوں میں اقبال کا مرد حر اورشاہین صفت مرد مومن تھا ۔

دیوانی صاحب نےاس دور میں آزادی کشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر دیں اور 1976میں انڈین بوئنگ جہاز ہائی جیک کر کے مسئلہ جموں و کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کیا، جب آزادی کا نام لینا ایک دیوانے کا خواب لگتا تھا ۔ تقریب سے کشمیر فریڈم موومنٹ کے مرکزی چیف آرگنائزر سردار اشتیاق آتش صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے آج کا دن ایک مقدس دن ہے جب ہم اپنے ان شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں جنہوں نے ہماری قومی آزادی اور ہماری نسلوں کے مستقبل کے لیے اپنی جانوں کے نزرانے پیش کیے اور تاریخ میں ہمیشہ زندہ ہو گئے۔

یہ سلسلہ شہادت صدیوں سے چلا آرہا ہے کہ جب بھی باطل قوتوں نے ظلم کیا اہل حق میدان عمل میں ہوتے ہیں اور بے خوف و خطر آتش نمرود میں کود پڑتے ہیں۔ باطل سے ٹکرا جانے والے عظیم مجاہد کشمیر فریڈم موومنٹ کے سپریم کمانڈر، بھارتی جہاز کو اغوا کر کے لاہور لانے والے اور کشمیریوں کی مظلومیت کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے والے عظیم رہنما جناب سید عبدالحمید دیوانی کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جنہوں نے اہنے دیش کی آزادی کے لیے گھر بار اور خاندان کو چھوڑا اور غیروں کے ساتھ ساتھ اپنوں کے ستم بھی سہے۔

اسی قافلہ آزادی کے نوجوان شفقت ظہور راجہ نے بھی اپنی جان کا سودا یوں کیا کہ داد شجاعت دیتے ہوئے اپنے خون کا نزرانہ ہیش کیا غرض کہ تاریخ کشمیر شہداء کی جدو جہد سے روشن ہے اور ہم سب آج ان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یہاں جمع ہیں۔ اللہ پاک شہداء کے درجات کو بلند فرمائیں اور اس راہ حق پر چلنے والوں کو استقامت عطا فرمائیں اور ہمارے وطن کو آزادی کی نعمت عطا فرمائیں کہ ایک باوقار قوم کی حیثیت سے بین الاقوامی برادی کا حصہ بنیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید عبدالحمید دیوانی کی بیٹی سیدہ شبنم دیوانی نے کہا کہ میرے والد سید عبدالحمید دیوانی نے تحریک آزادی کشمیر کی جہدوجہد کو اپنی زندگی کا نصب العین قرار دیا تھا اور اس کو حاصل کرنے کے لیے دیوانی صاحب اور ہمارے سارے خاندان نے بے شمار تکالیف اور مصائب بڑی خندہ پیشانی،تعمل اور صبر وضبط سے برداشت کیے ۔ انہوں نے کشمیر فریڈم موومنٹ سعودی عرب کو دیوانی صاحب کی برسی کے موقع پر پروگرام انعقاد کرنے پر خراج تحسین پیش کیا کہ یہ زندہ قوموں کی نشانی ہے کہ وہ اپنے محسنوں کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہیں اور یہ اعلی ظرفی کی مثال ہے ۔

صدر کشمیر فریڈم موومنٹ سعودی عرب مرزا زاہد راجپوت جرال نے شرکاء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء جموں و کشمیر کی قربانیاں لازوال ہیں اور اور انشاءاللہ ان لازوال قربانیوں کی بدولت آزادی کی منزل بہت قریب ہے ۔کشمیر جلد آزاد ہو گا ۔ مرکزی چئرمین فنانس بورڈ محمد تصور جنجوعہ نے کہا کہ دیوانی کی حالات زندگی اور جہدوجہد آزادی پر مشتمل نئی نسل کو ایک کتاب کا جلد تحفہ دیں گے ۔

ممبر مرکزی مشاورتی کونسل زاہد راجہ نے کہا کہ باشندگان ریاست جموں و کشمیر کو نئے حالات کے تناظر میں اپنی درست سمت کا تعین کرنا ہو گا، ورنہ وہ ظلم و ستم کے اندھیرے میں بھٹکتے رہیں گے ۔ تقریب سے عمران علی سابق سیکرٹری اطلاعات، راجہ ضمیر احمد ڈپٹی جنرل سیکرٹری سعودی عرب، محمد افضل نائب صدر، ایم ڈی ابرار احمد سینئر نائب صدر، اور مرکزی راہنماؤں خان محمد چوہدری الجبیل، انصر جرال اور زاہد شبیر نے بھی سید عبدالحمید دیوانی شہید کو خراج عقیدت پیش کیا، تقریب کے آخر میں سارے شہداء جموں و کشمیر بالخصوص محمد افضل نائب صدر کشمیر فریڈم موومنٹ سعودی عرب کی ہمشیرہ جو کل بھمبر میں وفات پا گئئ تھیں کی مغفرت کےلیے دعا کی گئی ۔