محکمہ جنگلات کا وزیراعظم کے 10بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت 46ایکڑ رقبہ پر 47لاکھ96ہزار160تھیلی دار پودوں کی نرسری لگانے کا عمل مکمل کرلیا،شجر کاری کیلئے تیار پودے لگانے کا کام بھی شروع ، ہرشہری سے اپنے حصے کا کم از کم ایک ایک پودا لگانے کی بھی اپیل

بدھ 10 جون 2020 14:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2020ء) محکمہ جنگلات فیصل آباد ڈویژن کے ڈویژنل ڈائریکٹر انوار الحق نے بتایاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق 10بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت ڈویژن میں مجموعی طورپر 46ایکڑ زرعی رقبہ پرپاٹڈ و تھیلی نما پودوں کی نرسریاں لگائی گئی ہیں جن میں سے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں23ایکڑ رقبہ پر 12لاکھ50ہزارتھیلی دار مختلف اقسام کے ماحول دوست پودے لگائے گئے ہیں اور اسی طرح ضلع فیصل آباد میں بھی 23ایکڑ زرعی رقبہ پر نرسریوں میں مختلف اقسام کے 25لاکھ 46ہزار160پودے لگانے کا عمل مکمل کرلیاگیا ہے جو شجر کاری کیلئے مکمل طورپر تیار ہوچکے ہیں ۔

بدھ کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایاکہ ان پودوں کو 10بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت دیگر مقامات ،خالی جگہوں ، شاہرات کے کنارے ،موٹروے کے اطراف ،پبلک پارکس ،سکولز ،کالجز ، یونیورسٹیز میں لگایاجارہا ہے جس کا مقصد فضائی وماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ سمیت سرسبز انقلاب برپا کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ محکمہ جنگلات فیصل آباد ڈویژن نے اس پروگرام کیلئے مزید 12لاکھ96ہزار160تھیلی دار ماحول دوست پودے تیار کرکے ڈویژن بھر کے اہم مقامات پر لگانے کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے تاکہ فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں سرسبز و شاداب پنجاب کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی سے عوام کو بچانے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے بتایاکہ یہ ماحول دوست پودے شہریوں کو انتہائی ارزاں نرخوں پر فراہم کئے جارہے ہیں اور ان سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ اپنے گھروں یا رہائشی مقامات کے اطراف کم از کم ایک پودا ضرور لگائیں ۔ انہوں نے بتایاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے ماحولیات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کلائیمیٹ چینج سمیت تحفظ ماحولیات کیلئے ہرشخص کو اپنے حصے کا ایک ایک پودا لگاتے ہوئے نہ صرف وزیراعظم کے 10بلین ٹری سونامی پروگرام کو کامیاب بلکہ اپنے علاقہ اور ملک کو سرسبز وشاداب بنانے میں اپنا کردار اداکرنا چاہیے۔