محکمہ زراعت کا فیصل آباد میں 42ہزار ایکڑ رقبہ پرکپاس کی کاشت کا ہدف مقررکرکے اس کی تکمیل کیلئے بھر پور اقدامات کا آغاز

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع خالد محمود کی’’ اے پی پی‘‘ سے بات چیت

بدھ 10 جون 2020 14:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2020ء) محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹرخالد محمود نے بتایاہے کہ محکمہ زراعت نے فیصل آباد میں 42ہزار ایکڑ رقبہ پرکپاس کی کاشت کا ہدف مقررکرکے اس کی تکمیل کیلئے بھر پور اقدامات کا آغاز کردیا ہے جبکہ صوبہ بھر میں رواں سیزن کے دوران 45لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کپاس کی کاشت یقینی بنائی جائے گی ۔

بدھ کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایاکہ کپاس کی بوائی کا عمل برق رفتاری سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ وزیراعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت جہاں کماد اور دھان پر سبسڈی دی جارہی ہے وہیں کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے بھی حکومت کی طرف سے کاشتکاروں کو منظور شدہ اقسام کے بیج کاشت کرنے پر کروڑوں روپے کی امدادی رقم فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ یہ سبسڈی فیصل آباد سمیت بہاولپور ،ڈیرہ غازی خان ، ملتان ، میانوالی اور بھکر کے اضلاع کے کاشتکار حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں کاشتکار اپنی رجسٹریشن کیلئے محکمہ زراعت توسیع کے مقامی دفاتر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ کاشتکار مزید معلومات ، اطلاعات یا رہنمائی کیلئے سوموار سے جمعہ تک صبح 10بجے سے سہ پہر 4بجے تک محکمہ کی فری ہیلپ لائن0800-17000پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ کاشتکاروں کو گندم کی طرح کپاس کی بہتر قیمت دلوانے کیلئے بھی حکومت انتہائی پرعزم ہے لہٰذا کاشتکاروں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کی کاشت یقینی بنائیں تاکہ نہ صرف انہیں حکومتی سبسڈی کا فائدہ مل سکے بلکہ کپاس کی بہتر قیمت حاصل کرنے کے باعث ان کی معاشی مشکلات کا خاتمہ بھی یقینی ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :