امریکا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کا خواہشمند

امریکہ 2023ء سے آئی سی سی ٹورنامنٹ کروانے والے ممالک میں شامل : چیف ایگزیکٹو امریکن کرکٹ این ہیگنس

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 10 جون 2020 14:09

امریکا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کا خواہشمند
واشنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جون2020ء) امریکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آئن ہیگنس نے کہا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ 1994ء میں ہونیوالے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی میں امریکہ کی کامیابی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد میں اس کی بولی میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں آئن ہیگنس نے کہا کہ امریکا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ 2023ء سے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹورنامنٹ کروانے والے ممالک میں شامل ہے۔ امریکا میں 1994ء میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں کھیلے گئے میچز ریکارڈ ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ شائقین نے دیکھے۔ یو ایس اے کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آئن ہیگنس نے مزید کہا کہ امریکہ کو 2019ء کے آغاز میں ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی حیثیت حاصل ہوئی تھی جس کے بعد امریکی ٹیم نے دسمبر میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو شکست دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ مایہ ناز آل راؤنڈر لیام پلنکٹ بھی امریکا کی طرف سے کھیلنا چاہتے ہیں۔ ہیگنس نے کہا کہ امریکہ اگلی دہائی میں ٹیسٹ کی حیثیت حاصل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ایسی ٹیم بنانا ہے جو مختصر مدت میں آئی سی سی کی تمام ممالک کی ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کر سکے اور اگلے 10 سالوں میں آئی سی سی کا مکمل ممبر بننا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا فلوریڈا کے لاڈرہل میں سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک میں چھ ون ڈے اور 10 ٹی ٹونٹی میچز کی میزبانی کر چکا ہے اور رواں سال اگست میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے مابین دو ٹی ٹونٹی میچوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ہیگنس نے کہا کہ کھیل کے کئی دیگر شعبوں میں امریکہ خود کو کرکٹ کے ٹاپ ٹیبل پر جگہ کے لائق ثابت کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس اے کرکٹ آئی سی سی کو راضی کرلے گا کہ وہ امریکہ کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی دے۔

ہیگنس نے کہا کہ ''مجھے یقین ہے کہ ہمارے پاس اچھے معیار کے مقامات ہیں جہاں پر آئی سی سی کے میچز محفوظ طریقے سے ہوسکتے ہیں اور وہ مقامات امریکہ میں ٹی 20 لیگ متعارف کروانے کے منصوبوں کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کا منصوبہ یہ ہے کہ کسی ملک میں کم از کم چھ مقامات ایسے ہوں جو بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کے اہل ہوں لیکن اگر امریکا میں کھیلے گئے آخری دو ورلڈ کپ میں شائقین کی تعداد دیکھیں تو اس سے کرکٹ کے لئے بہت وسیع اور بہتر مقامات دکھائی دیں گے۔

ہیگنس نے آخر میں کہا کہ بالآخر جب ہم آئی سی سی کے سامنے پیش ہوں گے تو کرکٹ کے وسیع تر مفادات کے لئے کئے گئے انتظامات سے ان کو راغب کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور مجھے یقین ہے کہ وہ خوش ہوں گے اور وہ ہمیں ایک اہم عالمی میگا ایونٹ سونپنے کے لئے تیار ہو جائیں گے۔