Live Updates

ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کئے جائیں کیونکہ یہ مسئلہ کورونا وائرس سے بھی زیادہ سنگین ہو چکا ہے، مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کا حکومت پر زور

بدھ 10 جون 2020 16:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2020ء) مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کئے جائیں کیونکہ یہ مسئلہ کورونا وائرس سے بھی زیادہ سنگین ہو چکا ہے‘ کورونا اور ٹڈی دل جیسی آفات سے نمٹنے کے لئے صوبائی حکومتوں کی بھی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے‘ کورونا کا پھیلائو روکنے کے لئے ڈبلیو ایچ او نے جو رہنمائی کی ہے اس پر عملدرآمد کیا جانا ضروری ہے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں صدارتی خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک پر بحث کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رکن خواجہ شیراز محمود نے کہا کہ ٹڈی دل کے حوالے سے ہمارے توجہ مبذول نوٹس کو باقاعدہ نہیں لیا گیا جس کی وجہ سے ہمیں واک آئوٹ بھی کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

ہم بڑی محنت سے ایجنڈے پر امور لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اور رواں سال وفاقی حکومت کی طرف سے ٹڈی دل کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے جو وسائل فراہم کئے گئے ان میں سے ایک روپیہ بھی پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کو نہیں دیا گیا۔

کاشتکاروں کو بھی جینے کا حق حاصل ہے کیونکہ ملکی معیشت کا دارومدار زراعت پر ہے۔ حکومت اس حوالے سے سنجیدگی دکھائے۔ پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل کا مسئلہ کورونا وائرس سے زیادہ سنگین ہو چکا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ سپرے کیا جائے۔ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس مسئلے کے تدارک کے لئے تمام ممکنہ وسائل مختص کرے۔

انجینئر صابر حسین قائم خانی نے کہا کہ کورونا اور ٹڈی دل جیسی آفات سے نمٹنے کے لئے صوبائی حکومتوں کی بھی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگ (ن ) کے رکن قومی اسمبلی انجینئر خرم دستگیر نے مطالبہ کیا کہ کراچی طیارہ حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پی آئی اے کے جہازوں کا ازسر نو معائنہ کیا جائے کہ آیا وہ پرواز کے قابل ہیں بھی کہ نہیں۔

آغا حسن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو حفاظتی ساز و سامان فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا زیادہ دار ومدار زراعت پر ہے۔ ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کے لئے بلوچستان حکومت کو زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کئے جائیں۔ جام عبدالکریم بجار نے کہا کہ پی ٹی آئی نے لوگوں کو روزگار دینا تھا مگر یہ پاکستان سٹیل ملز کے مزدوروں کو نکال رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ملک کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔ خدانخواستہ کہیں ایسا نہ ہو کہ معاملات ہاتھ سے نکل جائیں۔ پی ٹی آئی کی رکن ساجدہ بیگم نے کہا کہ اپوزیشن اب جو کچھ کر رہی ہے حکومت میں ہوتے ہوئے ان کی باتیں بھی ہمارے سامنے ہیں۔ پی آئی اے نے امارات ایئر لائن کو بنایا۔

ماضی کی حکومتوں نے سٹیل ملز کو اس حال تک پہنچایا۔ حکومت اپوزیشن سے تجاویز لے کر پاکستان سٹیل ملز کو چلائے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومت نے سمارٹ لاک ڈائون کا فیصلہ کیا جس کی وجہ سے جگہ جگہ انتشار کی کیفیت ہے۔ اشیاء ضروریہ مہنگی ہوگئی ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ہمیں جو راستہ دکھایا ہے اس پر عملدرآمد کیا جانا ضروری ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات