پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجہ صداقت عباسی کی زیر صدارت این اے 57 میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے اجلاس

بدھ 10 جون 2020 23:20

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2020ء) پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجہ صداقت عباسی، رکن صوبائی اسمبلی راجہ صغیر احمد اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارالحق کی زیر صدارت این اے 57 میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں چیئرمین آر ڈی اے طارق مرتضی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلمپنٹ صائمہ غفور، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد سہیل احمد چوہدری، سی ای او ایجوکیشن کاشف اعظم، محکمہ ہائی وے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی، رکن قومی اسمبلی راجہ صداقت عباسی نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لئے تمام اقدامات کر رہی ہے، مفاد عامہ کے تمام تر جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت پائے تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام مستفید ہو سکیں، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث جاری ترقیاتی منصوبوں کا کام کچھ عرصہ کے لئے تاخیر کا شکار ہوا جبکہ دوبارہ منصوبوں پر جلد کام شروع کیا جائے تاکہ مقررہ مدت تک منصوبوں کو مکمل کئے جا سکیں، ڈپٹی کمشنر انوارالحق نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے تمام متعلقہ محکمے ایک دوسرے سے تعاون کریں، انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی سکیموں کے لئے فنڈز موجود ہیں، متعلقہ محکمے ان پراجیکٹ پر کام کی رفتار کو تیز کریں تاکہ یہ منصوبے بروقت مکمل کئے جا سکیں۔