سرینگر: آن لائن میوزک کنسرٹ کا انعقاد

گلوکاروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو محظوظ کیا

جمعرات 11 جون 2020 21:44

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2020ء) کورونا وائرس کے پیش نظر جموں و کشمیر کے شہر سرینگر میں قرار اسٹوڈیو کی جانب سے ورچول میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر دنیا بھر میں تمام سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں وہیں تفریح کے ذرائع بھی کافی حد تک محدود ہو گئے ہیں- مقبوضہ جموں و کشمیر میں کووڈ-19 کے پیش نظر جو لمبے عرصے تک لاک ڈاون رہا، اس کے دوران اجتماعی صورت میں لوگوں کا جمع ہونا قانونی و اخلاقی طور پر بند رہا تاہم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنی سرگرمیاں آن لائن شروع کر دی، خواہ وہ مشاعرے ہوں، درس و تدریس ہوں یا پھر دیگر ادبی سرگرمیاں ہوں یہ سلسلہ ایسے ہی چلتا رہا-گزشتہ دنوں کشمیر کے مختلف فنکاروں کی جانب سے اپنی نوعیت کی ایک منفرد کاوش کے تحت ایک ورچوئل میوزک کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

قرار کنسرٹ کے نام سے منعقدہ اس محفل موسیقی کے ذریعہ فیس بک پر کشمیری گلوکاروں نے لوگوں کو ان پر آشوب حالات کے دوران محظوظ کرنے کی کوشش کی- اس ورچوئل میوزک کنسرٹ کا مقصد کورونا وائرس جیسے وبائی مرض کے دوران پوری دنیا کے لوگوں کو موسیقی کے ذریعہ محظوظ کرنا اور فن اور ثقافت کو زندہ رکھنا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قرار کنسرٹ میں معروف گلوکار وحید جیلانی، راجہ بلال، ڈاکٹر شائستہ، نزیر گنائی، الطاف ساحل، اشفاق کاوہ جیسے گلوکاروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو محظوظ کیا۔

وحید جیلانی نے کہا کہ ان مشکل اوقات کے دوران جب کہ اکثر سرگرمیاں ٹھپ ہیں تفریح کے ذرائع بہت محدود ہو گئے ہیں لہذا اس دوران محفل موسیقی کے شائقین کے لیے ورچوئل طریقے سے رابطہ قائم کرنا اور انہیں محظوظ کرنا ایک بہترین کام ہیں جس کے لئے انہوں نے ایک کوشش کی- ان کے مطابق اس کوشش کا قرار کنسرٹ کی مہتمم ٹیم کو کافی مثبت فیڈ بیک دیکھنے کو ملا۔