حکومت پنجاب کا دھان کی باقیات کو جدید زرعی مشینری کے ذریعے کار آمد بنانے کے منصوبے پر عملدرآمد کا آغاز

جمعرات 11 جون 2020 23:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2020ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ دھان کی باقیات کی تلفی کیلئے کاشتکار عموماً فصلوں کی باقیات کو آگ لگا دیتے ہیں جس کی وجہ سے سموگ اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے۔اس ضمن میں حکومت پنجاب نے دھان کی باقیات کو جدید مشینری کے ذریعے کار آمد بنانے کے منصوبے پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت ضلع گوجرنوالا،گجرات،سیالکوٹ،منڈی بہاؤالدین،ناروال، حافظ آباد،لاہور،قصور،شیخوپورہ،ننکانہ صاحب،فیصل آباد،جھنگ،چنیوٹ ،بہاولنگر اور اوکاڑہ کے کاشتکاروں کو 80 فیصد رعایتی قیمت پر پاک سیڈر/ ہیپی سیڈر اور رائس سٹرا چاپر/ شریڈر کی فراہمی کیلئے درخواستیں مطلوب ہیں۔

اس سکیم کے تحت درخواست دہندہ کم از کم 65 ہارس پاور قابل استعمال ٹریکٹر کا مالک ہو اور متعلقہ مرکز میں کاشتکاری کے اُمور سر انجام دے رہا ہو۔

(جاری ہے)

درخواست دہندہ کم از کم 4 سال تک اس سکیم کے تحت حاصل کردہ زرعی آلات/مشینری کرایہ پر دوسرے کاشتکاروں کو دینے کا پابند ہوگا۔درخواست دہندہ نے اس سکیم کے تحت کسی اور ضلع/ مرکز میں رعایتی قیمت زرعی مشینری کے حصول کیلئے درخواست نہ دی ہو۔

درخواست دہندہ شناختی کارڈ،ٹریکٹر کی رجسٹریشن بک/ٹرانسفر لیٹر،زرعی رقبہ کی فرد ملکیت/گرداوری کی تصدیق شدہ کاپی100 روپے کے اشٹام پیپر پر بیان حلفی کے ساتھ جمع کروانے کا پابند ہوگا۔کاشتکار اس سکیم میں حصّہ لینے کیلئے درخواست فارم متعلقہ ضلع کے نائب زرعی انجنئیر(فیلڈ) اور متعلقہ مرکز کے زراعت آفیسر(توسیع) سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ درخوست فارم محکمہ کی ویب سائٹwww.field.agri.punjab.gov.pkیاwww.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہو گی۔ درخواستیں متعلقہ ضلع کے نائب زرعی انجینئر (فیلڈ) کے دفتر میں30 جون2020 تک جمع کروائی جا سکتی ہیں۔مزید معلومات کیلئے کاشتکاردفتری اوقات میں فون نمبر 042-99200705 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔