سید علی گیلانی کشمیر کے بارے میں سچ بات کرتے ہیں‘ رہنما نیشنل کانفرنس

اگر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد کیا جاتا تو آج کشمیر کی صورتحال بالکل مختلف ہوتی

جمعہ 12 جون 2020 13:23

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2020ء) مقبوضہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مصطفی کمال نے اعتراف کیا ہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کشمیر کے بارے میں ہمیشہ سچ بولتے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مصطفی کمال نے سری نگر میں اپنی پارٹی کی ایک تقریب کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے جب بھی کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بات کی وہ حقائق پرمبنی تھی اور وہ ہمیشہ سچ بولتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد کیا جاتا تو آج کشمیر کی صورتحال بالکل مختلف ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر نے کبھی بھی دوسری ریاستوں کی طرح بھارت میں شامل نہیں ہونا تھا۔

(جاری ہے)

مصطفی کمال نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے نہ صرف کشمیر بلکہ پورے بھارت میں جمہوریت کا قتل کیااور اس نے منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لئے بغیر جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور انہیں جیل بھیج دیا۔

مصطفی کمال نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے حقائق کو مسخ کیا اور پورے بھارت میں لوگوں کو گمراہ کیا اور یہ پارٹی ایک مختلف ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جو سراسر مسلم مخالف ہے۔ انہوںنے کہاکہ بی جے پی نے کشمیری عوام کے ساتھ دھوکہ کیا اور وہ مذہب کی عینک سے کشمیر کو دیکھ رہی ہے جبکہ یہ پارٹی بھارت کے لوگوں کو بھی بے وقوف بنا رہی ہے ، انہیں دھوکہ دے رہی ہے اور مذہب کے نام پر تقسیم کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ، ان کو ذلیل کیا جارہا ہے اور انہیںپیٹ پیٹ کرقتل کیا جا رہا ہے ۔ مصطفی کمال نے کہا کہ بی جے پی اقتدار کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر روز نوجوان مارے جاتے ہیں اور بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ کشمیر میں سب کچھ نارمل ہے۔