کشمیر آزاد ہو گا،کشمیری اپنے حق خود ارادیت کیلئے اپنی جہدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،صدر عارف علوی

جمعہ 12 جون 2020 23:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے لئے اپنی جہدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، انشاء للہ کشمیر آزاد ہو گا۔ نیویارک ٹائمز میں تصوریری خاکوں کے ذریعے بھارت کے کشمیریوں پر مظالم کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں صدر مملکت نے کہا کہ بھارت گزشتہ تین دہائیوں سے مظلوم کشمیریوںپر ظلم و بربیت ڈھا رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے نافذ کیا گیا طویل ترین لاک ڈائو ن جاری ہے۔

(جاری ہے)

تین عشروں سے زائد سے فوجی کرفیو اور ہڑتالوں کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔صدر عارف علوی نے مقبوضہ کشمیر میں طویل ترین لاک ڈائو ن اور انسانی صورتحال کو اجاگر کرنے کیلئے بنائے گئے تصویری خاکوں کی تعریف کی ۔ ممتاز امریکی جریدے نیویارک ٹائم میں معروف خاکہ نگار ملک سجاد کی طرف سے یہ خاکے بنائے گئے۔ صدر مملکت نے اس تصویری خاکہ کو فن کے ذریعے اظہار رائے کی ایک شاندار مثال قرار دیا ہے۔کورونا وبا کے باجود کشمیر میں انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی بندش جاری ہے۔کورونا وائرس کے تناظر میں بھارتی اقدامات کے باعث لاکھوں مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں۔