بھارتی پنجاب میں ایک اور کشمیری نوجوان گرفتار، لشکر طیبہ کا کارکن ہونے کاالزام عائد کر دیا

اتوار 14 جون 2020 15:00

پٹھانکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2020ء) پنجاب پولیس نے کشمیر جاتے ہوئے ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار کیا ہے اور اس پر لشکر طیبہ کا رکن ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس سے قبل بھی پنجاب پولیس نے دو کشمیری نوجوانوں عامر حسین وانی اور وسیم حسن وانی کو گرفتار کیا گیا تھا۔اور ان پر تحریک لبیک کے مبینہ کارکن ہونے کا الزام لگایا گیا۔

گرفتار شدہ جاوید احمد بھٹ (29) مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع شوپیاں کا رہائشی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس دنکر گپتا کے دعویٰ کے مطابق پولیس نے امرتسر جموں شاہراہ پر پٹھان کوٹ کے دھوبرا پل ، پٹھان کوٹ سے جموں و کشمیر کے رجسٹریشن نمبر رکھنے والے ٹرک کے ساتھ بھٹ کو گرفتار کیا۔ وہ اپنے ساتھیوں کی گرفتاری کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے وادی میں فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔

(جاری ہے)

جاوید کا تعلق اسی گاوں سے ہے جس سے دوسرے دو ملزمان ہیں۔ وہ ان کا بچپن کا دوست ہے۔یہ تینوں پچھلے دو تین برس سے ایک ساتھ ٹرانسپورٹ کا کاروبار کر رہے تھے۔پولیس کے مطابق جاوید سے ابتدائی پوچھ گچھ سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ لشکر طیبہ کے دیگر کارکنان عامر اور وسیم کے ساتھ وادی کشمیر سے امرتسر آئے تھے تاکہ پھل اور سبزیاں لانے کے بہانے اسلحے کی ہتھیاروں کی کھیپ اکٹھا کریں۔ڈی جی پی نے ایک بیان میں کہا ، پنجاب اور جموں و کشمیر کے تینوں افراد کے مزید روابط اور ان کے ساتھیوں کی شناخت کے لئے مزید تفتیش جاری ہے۔