راولپنڈی ، سیاسی ،سماجی و مذہبی راہنمائوں کا حاجی محمد گلزار اعوان کی اچانک رحلت پر دکھ و افسوس کا اظہار

اتوار 14 جون 2020 19:55

ًراولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2020ء) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ، صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ ، خواندگی و غیر رسمی بنیاد تعلیم کے صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ ، پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدرایم این اے صداقت علی عباسی اور سیاسی ، سماجی و مذہبی راہنمائوں کی بڑی تعداد نے راولپنڈی شہر کے معروف سماجی و سیاسی راہنماء حاجی محمد گلزار اعوان کی اچانک رحلت پر گہرے دکھ ، رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت و بخشش کیلئے دعائیں کیں ․ حاجی محمد گلزار اعوان کے پسماندگان احسن گلزار ، کوکب گلزار ، ملک اللہ بخش اعوان ، محمد اشرف ناصر اور مرحوم کی اہلیہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان راہنمائوں نے حاجی محمد گلزار اعوا ن کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ․انہوں نے کہا کہ عجز و انکساری اور انسانی ہمدردی کا مرقع حاجی محمد گلزار اعوان ایک سدا بہار شخصیت کے مالک تھے جن کے ہونٹوں اور چہرے سے مسکراہٹ کبھی جدا نہ ہوتی تھی ․ غربت اور محرومی سے نکلنے کیلئے جہد مسلسل کی ایک داستان ہے جو حاجی محمد گلزار اعوان کا خاصہ تھی مگر اس داستان کا حسن ان کا وہ اعلی سلوک تھا جو انہوں نے اللہ تعالی کی نعمتوں سے سرفراز ہونے کے بعد اپنی غربت کے دوران اپنے ساتھ ناروا سلوک کرنے والوں کے ساتھ برتا اور ان کی ہر مشکل اور پریشانی میں ان کے مسیحا کا کردار ادا کیا ․ انہوں نے کہا کہ حاجی محمد گلزار اعوان اپنے نام کی طرح ویرانوں کو بھی گلزار بنادیتے ․ ان کی باغ و بہار شخصیت کا سحر ہر نئے ملنے والے کو ان کا گرویدہ بنا لیتا ․ محمد خان جونیجو کے ساتھ اپنے سیاسی سفر کا آغاز کرتے ہوئے حاجی محمد گلزار اعوان نے کچھ عرصہ بعد اپنی سیاسی جماعت پاکستان امن پارٹی بنائی جو سیاسی پارٹی کم اور غرباء کی معاون و مدد گار این جی او زیادہ تھی ․ سیاست میں کوئی اچھا مقام پیدا کرنے کی دھن نے انہیں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت پر آمادہ کیا ․ انہوں نے امن پارٹی کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر راولپنڈی کے حلقے این اے 56 اور ضلع اٹک کے ایک حلقے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا مگر کامیاب نہ ہو سکے ․ حاجی محمد گلزار اعوان کی سخاوت و دریا دلی کا دریا کبھی خشک نہیں ہوا اور راولپنڈی سمیت متعدد شہروں میں بے شمار ایسے گھر ہیں جہاں بے آسرا اور یتیم بچیوں کا ماہانہ راشن باقاعدگی سے پہنچتا رہا جس کا کریڈٹ مرحوم و مغفور حاجی محمد گلزار اعوان کو جاتا ہے ․ انہوں نے اپنی سماجی خدمات کو باقاعدہ منظم کرنے کیلئے ’’گلوبل پیس فائونڈیشن ‘‘کے نام سے ایک رجسٹرڈاین جی او بھی بنائی اور اپنے سماجی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے روٹری کلب انٹرنیشنل کی رکنیت بھی حاصل کی ․ وہ اس وقت روٹری کلب انٹرنیشنل اسلام آباد ہلز کے صدر بھی تھے ․ تعزیت کرنے والے راہنمائوں نے کہا کہ حاجی محمد گلزار اعوان کی اچانک اور بے وقت رحلت نے نہ صرف راولپنڈی شہر کو بلکہ ملک بھر میں اپنے حلقے اثر کو سوگوار کر دیا ہے اور ان کی کمی تادیر محسوس کی جاتی رہے گی ․ وہ ’’یاد کرتا ہے زمانہ ان انسانوں کو ․․․․ روک لیتے ہیں جو بڑھتے ہوئے طوفانوں کو ‘‘ کی عملی تفسیر تھے ․ اللہ تعالی ان کو غریق رحمت کرے ․