گ*17 جون بروز بدھ کو آئندہ مالی سال کے لئے سالانہ بجٹ پیش کریں گے،وزیراعلی سندھ

اتوار 14 جون 2020 22:20

ع*کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2020ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ 17 جون بروز بدھ کو آئندہ مالی سال کے لئے سالانہ بجٹ پیش کریں گے۔پارٹی اجلاس میں سابق صوبائی وزیر منظور وسان ، تمام صوبائی وزرائ ، مشیر قانون مرتضی وہاب اور ایم پی ایز نے شرکت کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اسمبلی میں اگلے مالی سال کا بجٹ پیش کرنے سے پہلے وہ بجٹ کی منظوری کے لئے اپنی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے نہ صرف ہمارے لوگوں کو متاثر کیا ہے بلکہ اس نے ا?ئندہ سال کے بجٹ تخمینے کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی نازک حالت کے باوجود میں صوبے کے غریب عوام کو بجٹ میں ریلیف دینے کی پوری کوشش کروں گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں صحت کے شعبے کو ترجیح دی جائے گی جس کے تحت نئی سہولیات کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وائرس کے روک تھام کی پوری کوشش کررہے ہیں جو کہ صوبے میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد بڑھ رہی ہے اور روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2000 کو عبور کر چکی ہے۔

یہ ایک سنگین صورتحال ہے لہذا ہمارے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اپنانا ہوں گی اور ہمیں اپنے صحت کے نظام کو مزید مستحکم بنانا ہے۔مراد علی شاہ نے اپنے پارلیمانی پارٹی کے ممبروں بتایا کہ ا?ئندہ بجٹ میں پانی اور صفائی کے شعبے ، غربت میں کمی ، سماجی شعبے کی ترقی اور صوبائی معیشت کو اولین ترجیح دی جائے )گی۔انہوں نے کہا کہ نئی اسکیموں کے آغاز کی بجائے جاری اسکیموں کی تکمیل پر توجہ دی جائے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا کے بعد ٹڈی دل کے حملے صوبے کی زرعی معیشت کے لئے ایک مستقل خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خطرہ سے صوبے میں فوڈ سکیورٹی کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے اسمبلی ہاؤس میں سماجی دوری کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسمبلی میں حزب اختلاف کے ممبروں کے ساتھ مشورے سے بجٹ اجلاس کے لئے ایس او پیز تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔قبل ازیں اجلاس کے آغاز میں صوبائی وزیر مرحوم غلام مرتضیٰ بلوچ کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔ ان کی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا